عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے،

ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی پشاورمیں پریس کانفرنس

جمعہ 20 جولائی 2018 21:10

عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے،
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے۔ پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد پارٹی کے صوبائی صدرامیرمقام کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ہماری نیب میں پیشیاں ہورہی ہیں اور کچھ لوگ پیسٹریاں کھارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ووٹ اور خدمت کی عزت کے لیے پاکستان آئے ہیں، 13 جولائی کو ہمیں کوریج نہ دینے کے لیے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی گئی ۔ شہبازشریف نے کہا کہ ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ موقع ملا تو ملک کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لانے کے لیے اپنی جان لگادیں گے، جب مہاتیر محمد نے ملائشیا کو بدل دیا تو ہم اپنے ملک کو کیوں نہیں بدل سکتے، بھارت بھی ہم سے بہت آگے نکل گیا ہے وہ اب ہم سے صرف ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ڈرتا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں نہ اسپتال بنایا، نہ سڑکیں، نہ کالج اور نہ فرانزک لیب، اگر وہ کہہ دیں کہ وہ پشاور کو لاہور بنادیں گے تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جھاڑو بھی خریدا ہو تواس کے کاغذات کی بھی جانچ پڑتال ہوتی ہے لیکن پشاورکے بی آرٹی منصوبے کی لاگت38 ارب سے 68 ارب تک پہنچ گئی لیکن نیب نے کچھ نہیں کیا، یہ تو شکر ہے کہ پشاورہائیکورٹ نے تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے، ایک بلیک لسٹ والی کمپنی کو ٹھیکہ دیاگیا، کیا اس کالی لسٹ والی کمپنی کو کالاپانی نہیں بھیجناچاہئے تھا، منصوبے کی لاگت میں اضافہ کیوں ہوا اورنہ ہی منصوبہ وقت پرمکمل ہوا، مسلم لیگ (ن) کوحکومت ملتی ہے تو اس منصوبے کا افتتاح ہم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلوں کااحترام کرتے ہیں اور ان کے ہر حکم کی تعمیل کی گئی ہے، ن لیگ ووٹ کے تقدس اور بحالی کیلئے تگ ودوکررہی ہے، یادرکھ لیں ہمارے مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیاجائے گا۔ قبل ازیں شہبازشریف کی پشاورآمد پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شہباز شریف بلورہائوس گئے اورہارون بلورکی شہادت پر غلام بلور کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک میں دہشتگردی کیخلاف جنگ اور جمہوریت کیلئے بلورخاندان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں