عدم استحکام کی صورتحال سے نکلنے کیلئے صاف شفاف انتخابات ضروری ہے، عوام کے حقیقی ووٹوں سے منتخب ہونیوالے نمائندے ہی ملک کو ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن کرسکتے ہیں ،عبدالقہار ودان

جمعرات 9 جون 2022 23:05

قلعہ سیف اللہ +مسلم باغ +خانوزئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2022ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوںنے کہا ہے کہ عدم استحکام کی صورتحال سے نکلنے کیلئے صاف شفاف انتخابات ضروری ہے ‘ عوام کے حقیقی ووٹوں سے منتخب ہونیوالے نمائندے ہی ملک کو ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن کرسکتے ہیں ‘ ملک میں آئین کی بالادستی ‘ پارلیمنٹ کی خودمختیاری ‘ قانو ن کی حکمرانی اور قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری پارلیمانی فیڈریشن کے قیام پر جب تک عملدرآمد نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کا بحرانوں سے نجات ممکن نہیں ۔

بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوامی اعتمادکا مظہر ہے ، 21جون کوملی اتل ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پہلی برسی نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی اور مرکزی جلسہ عام کوئٹہ کے ہاکی گرائونڈ میں منعقد ہوگا ۔

(جاری ہے)

اس جلسے کی کامیابی کیلئے کارکن شب وروز محنت کریں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، صوبائی نائب صدر یوسف خان کاکڑ ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات خوشحال خان کاکڑ، ضلعی سیکرٹری چیئرمین اللہ نور خان، صوبائی کمیٹی رکن سردار آصف خان سرگڑھ، حاجی دارا خان جوگیزئی ،سید اکبر کاکڑودیگر ضلعی وعلاقائی رہنمائوں نے پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ کے ضلعی دفتر ، مسلم باغ کے دفتر اور خانوزئی دفتر میں الگ الگ تقاریب کے دوران حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے نومنتخب کونسلروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پارٹی کے ضلعی وعلاقائی رہنماء اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مقررین نے تمام نومنتخب کونسلروں‘پارٹی کارکنوں کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دن رات محنت کرکے پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنایا ہے اب یہ نومنتخب کونسلرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے اور اس کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرے اور اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارو ں کی اپنی اصل حالت میں بحال وفعال کرنے اوروفاق،صوبے اور محکمہ کی جانب سے تمام فنڈز اگر بلدیاتی اداروں اور ان کے نمائندوں کو دیئے جائیں تو نچلی سطح پر کافی حد تک عوامی مسائل کا خاتمہ ممکن ہیں لیکن بدقسمتی سے یہاں ایسا نہیں کیا جاتا اور فنڈز کی فراہمی ‘ اسکیمات کو بروقت تکمیل کرنے میں سالہا سال گزر جاتے ہیں اور اس دوران بلدیاتی حکومت کا عرصہ ہی ختم ہوجاتا ہے جس کے باعث عوام اپنے نمائندوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں رہتے ۔

پارٹی اور اس کے نومنتخب کونسلرز کی پہلی ترجیح عوام کی خدمت ہے اور عوام مسائل کے خاتمے اور بلدیاتی اداروں کی اصل حالت میں بحالی کیلئے وفاق‘ صوبے اور محکمہ بلدیات کو مکمل طور پر تعاون کرناہوگا اور فنڈز کی فراہمی اور اسکیمات کی تکمیل میں حائل ہر قسم کے رکاوٹ دور کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی پرچی ہی اصل طاقت ہے‘ حالیہ انتخابات پشتون اضلاع میں عوام نے پارٹی پر اعتماد کرکے نومنتخب کونسلروں پر بڑی ذمہ داریاں عائد کردی ہیں اب یہ ان کونسلر ز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوامی اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیں اور بروقت ان کے مسائل کے حل اور اس کیلئے آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے زیر اہتمام 21جون کو ہاکی گرائونڈ کوئٹہ میں ملی اتل ملی شہید محمد عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پہلی برسی نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی اور اس سلسلے میں پارٹی کے کارکنوں نے جلسے کی کامیابی کیلئے آج سے عوامی رابطہ شروع کرتے ہوئے انہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دینی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ شہید عثمان کاکڑ نے غیور پشتون افغان ملت ‘ پشتونخوا وطن اور اس ملک میں محکوم اقوام ومظلوم عوام کی بھرپور ترجمانی کی ملک میں آئین کی حکمرانی ‘ پارلیمنٹ کی خودمختیاری ‘ جمہوریت ‘ قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام ‘ آزاد عدلیہ ‘آزا د صحافت ‘ سینیٹ کے اختیارات قومی اسمبلی کے برابر کرنے ‘ قوموں کو یکساں بنیادوں پر حقوق فراہم کرنے کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی اور ان کی لازوال جدوجہد ہمارے کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہیں ۔

ان کی شہادت سے پارٹی اور پشتون قومی تحریک ایک عظیم قومی رہنماء سے محروم ہوئی ہے ۔ لیکن پشتون غیور وباشعور عوام اور پارٹی کارکن اپنے رہبر محمودخان اچکزئی کی قیادت میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی سے لیکر تمام شہدا واکابرین کے ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے پشتون قومی تحریک کی جاری جدوجہد کو مزید دوام دینگے اوراس تحریک میں مزید عوام کو شامل کرکے اسے تقویت بخشیں گے۔

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں