کمیشن اور کرپشن کے ذریعے جمع کردہ مالی وسائل کو عوام کی رائے بدلنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے،رہنماء پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

منگل 2 جنوری 2024 21:30

ٌقلعہ سیف اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2024ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مرغہ فقیرزئی علاقائی یونٹ کے زیراہتمام مختلف کلیوں سے 199 افراد نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پشتونخوانیپ میں شمولیت اختیار کی۔ شمولیتی اجتماعات سے پارٹی کے علاقائی سیکرٹری حبیب رحمان، سینئر معاون سیکرٹری حاجی خان محمد، عبدالظاہر، محمد اکرم اور محمد ہاشم نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرغہ فقیرزئی کا علاقہ ترقی کے ثمرات سے یکسر محروم ہے، عوام کو پینے کے صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکومتی اداروں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لینے والا کوئی نہیں اور نہ ہی مستقبل قریب میں عوام کو ریلیف ملنے کے کوئی آثار دکھائی دیتے ہیں جسکی وجہ سے شہریوں اور ریاست کے درمیان اعتماد کا رشتہ دن بدن کمزور ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری ہوتے ہی ایک مذہبی پارٹی کے صوبائی امیر و سابق وفاقی وزیر معصوم عوام کو مختلف طریقوں سے لالچ دیکر ووٹ بٹورنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو کہ اسلامی تعلیمات، سیاسی اور معاشرتی اقدار اور قانون کے خلاف عمل ہے۔ کمیشن اور کرپشن کے ذریعے جمع کردہ مالی وسائل کو عوام کی رائے بدلنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور یہ سب کچھ الیکشن کمیشن اور ملک میں احتساب کے ذمہ دار اداروں کے ناک کے نیچے ہو رہا ہے جو انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان غیرقانونی اقدامات کے باوجود پشتونخوانیپ عام انتخابات میں عوامی قوت سے ان عناصر کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے کے لئے پرعزم ہے اور پارٹی محکوم پشتونخوا وطن کے عوام کی بیلوث خدمت کرکے منفرد حیثیت حاصل کریگی

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں