ظ* یوٹیلیٹی بلوں کے ہوشربا اضافے نے ویسے ہی نچلے طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے

) تاجروں اور زخیرہ اندوزوں کی من مانیوں اور لوٹ مار نے محشر بپا کر دیا ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں،غلام نبی مری

پیر 18 مارچ 2024 22:55

۳؂کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2024ء) بلوچستان نیشل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری اور ضلعی جنرل سیکریٹری میر جمال لانگو نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حالیہ مہنگائی اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب اور لاچار طبقہ کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی بلوں کے ہوشربا اضافے نے ویسے ہی نچلے طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اس پر ماہ رمضان میں اشیائے خورد و نوش کی گرانی نے جینا مشکل کر دیا ہے۔

حکومت کی جانب سے رمضان پیکج اور سستا بازار لگانے کی جو روایت تھی وہ بھی اس بار نظر نہیں آرہا ہے۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمت عوام کی استطاعت سے بہت بڑھ گئی ہے اوپر سے تاجروں اور زخیرہ اندوزوں کی من مانیوں اور لوٹ مار نے محشر بپا کر دیا ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ خیراتی اور امدادی اداروں کی کاروائیاں صرف میڈیا کی حد تک محدود ہے یا صرف اپنے عزیز و اقارب کو راشن سے نوازے جا رہے ہیں مگر اکثریت کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

اشیائے خورد و نوش کے نرخ کو کنٹرول کرنے والے سرکاری ادارے بھی خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلمان ہونے کے ناطے اس مقدس مہینے کا احترام کرتے ہوئے خصوصا اشیائے خورد و نوش کو جائز نرخوں پر فروخت کر کے اپنی انسان دوستی کا ثبوت دیں اور حکومت بھی خواب خرگوش سے بیدار ہو کر قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کی سطح پر لانے میں اپنا کردار ادا کرے اور سستے رمضان بازار لگانے کا بندوبست کرے۔

عید الفطر سر پر آ رہا ہے ایسے میں غریب عوام اپنے اہل و عیال کا تن ڈھانپنے کی بھی طاقت نہیں رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی این پی نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور ان کی حالت زار پر ہر سطح پر آواز اٹھائی ہے اور اس بے لگام مہنگائی میں عوامی تکلیف پر بھی ہرگز خاموش نہیں رہے گی۔ اگر حکومت نے بروقت کوئی اقدام نہیں کیا تو ہم بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں