حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،حاجی سیلاب خان اچکزئی

منگل 16 اپریل 2024 18:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) مظلوم اولسی تحریک بلوچستان کے جنرل سیکرٹری حاجی سیلاب خان اچکزئی نے نوشکی کے مقام پر دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہ مسافروں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے پولیس اوردیگرقانون نافذکرنے والے ادارے بے گناہ مسافروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں اورآئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراورعملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہا کہ گزشتہ روز نوشکی کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے مسافر بس سے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو اتار کر بے دردی سے شہیدکردیاجس کی مظلوم اولسی تحریک بلوچستان سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے سے عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو تحفظ فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ بری طر ح ناکام نظرآتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوشکی کے قریب بس سے مسافروںکو اتار کر شہید کرنے والے دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور آئندہ قومی شاہراہوں پراس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ فائرنگ سے شہیدہونے والے مسافروں کے اہل خانہ کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طورپر امدادکااعلان کریں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں