پونچھ ڈویژن میں 05 کلیدی عہدوں پر آفیسران کی تعیناتی احسان عظیم ہے، کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ

جمعہ 1 ستمبر 2023 15:05

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2023ء) کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ نے کہا ہے کہ پونچھ ڈویژن میں 05 کلیدی عہدوں پر آفیسران کی تعیناتی خاص کر کے محکمہ تعمیرات عامہ و پبلک ہیلتھ اورشاہرات میں چیف انجینئرز کی تعیناتی احسان عظیم ہے۔یہ اسامیاں دینے اور نوٹیفکیشن کے اجراء پر وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیراور کابینہ اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قدر بڑا ریلیف ہمیں سابق وزیراعظم آزادکشمیر حاجی محمد یعقوب خان کی محنتوں اور کاوشوں سے ہی ممکن ہوا جس پر ہم ان کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم کے اس انتظامی پیکج سے اس ڈویژن کے چاروں اضلاع کے مسائل حل ہوں گے۔جمعہ کو یہاں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں صدر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ سردار عبدالوحید خان نے دیگر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ممبران کنٹریکٹر سردار ظہیر جنت، سردار عامر رفیق، سردار اورنگزیب خان، جمیل عالم،ظفر اقبال، چوہدری نصیر،نیاز رضا،شاید منظور، زاہد خان، ناصر حمید، قمر جہانگیر، آکاش آزاد، ثاقب خان، سردار جاوید اقبال نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تین چیف انجینئرز اور دو ڈویژںل ڈائریکٹرز کی اسامیوں کو تخلیق کر کے ان کا نوٹیفکیشن کرنے سے ہمارے لوگوں کے خاص کر کے عام افراد کے مسائل حل ہوں گے اور وہ لوگ جو ان دفتروں کے چکر میں اضافی بوجھ برداشت کرتے تھے سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ آسامیاں ڈویژن کا حق تھا لیکن چیف انجینئرز کی آسامیاں ڈویژن سے بڑھ کر ہیں۔ان اسامیوں کی تخلیق اور نوٹیفکیشن کروانے پر جہاں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے شکر گذار ہیں وہاں سابق وزیراعظم حاجی یعقوب خان سمیت ممبر اسمبلی حسن ابراہیم خان، و دیگر ممبران اسمبلی پونچھ ڈویژن اور ان تمام احباب کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس حوالے سے اپنا حصہ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ پونچھ کی تعمیر و ترقی میں حاجی یعقوب خان کا کردار سب سے زیادہ ہے۔ چیف انجینئرز کی اسامیوں کی تخلیق کے بعد اس ڈویژن میں تعمیراتی کاموں میں تیزی آئے گی۔ڈویژن کے فنڈز میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اس ڈویژن کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کریں۔انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ پونچھ میں جاریہ تعمیراتی منصوبہ جات کی ادائیگی فی الفور کی جائے، ہمارے بہت سارے منصوبہ جات کے کام ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا وہ تمام ٹینڈر بحال کیے جائیں جو موجودہ حکومت نے اے ڈی پی سے نکال دیئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا چیف انجینئرز کی تعیناتی سے عام عوام کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا۔منٹینس کے فنڈز اسی ڈویژن میں خرچ ہوں گے، ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے گا،اس پر ایک دفعہ پھر حاجی یعقوب خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے مطالبے پر حکومت سے منظوری لی۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں