عمران خان جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں، وہ بتائیں کہ اتنی دولت کہاں سے آئی، وفاقی وزیرجاوید لطیف

منگل 18 اکتوبر 2022 15:42

عمران خان جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں، وہ بتائیں کہ اتنی دولت کہاں سے آئی، وفاقی وزیرجاوید لطیف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2022ء) مسلم لیگ( ن) کے رہنما ووفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہم نےکبھی کسی سے ریلیف مانگا نہ ملا، دوسری طرف لاڈلے عمران خان صرف ایک جلسے پر کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں، وہ بتائیں کہ اتنی دولت کہاں سے آئی ۔منگل کے روز لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ لاڈلے عمران خان پر دہشتگردی ، آئین شکنی کی سنگین دفعات لگیں تو انہیں ہفتے میں ختم کردیا گیا اور ہم بے بنیاد کیسوں میں تاریخیں بھگت رہے ہیں، عدالت میں پیش ہوتے ہیں کبھی پیش ہوئے بغیر ریلیف کی توقع نہیں کی۔

جاوید لطیف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز کو جس طرح سزا دلوائی گئی تھی اس کو بھی ذہن میں رکھا کریں، مریم نواز پچھلے قانون کے تحت بری ہوئی ہیں ہمیں کوئی ریلیف نہیں ملا۔

(جاری ہے)

جاوید لطیف نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نے ریاست کی خاطر اپنی سیاست بھی قربان کردی،عمران خان ریاست کے ساتھ کھیل رہے ہیں،اس کے نتائج جو آنے والے وقت میں ریاست کے ساتھ قوم کو بھی بھگتنا پڑیںگے، ہم آج بھی ریاست اور قوم کے مفاد میں خاموش ہیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان جو باتیں آج کر رہے ہیں اس طرح کی باتیں الطاف حسین اور بنگالی قیادت نے بھی نہیں کی تھیں ،یہ وقت بتائے گا کہ جو بھاری پتھر ریاست پر گر رہا تھا وہ ہم نے اپنے اوپر اٹھایا تھا، عمران خان کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے سربراہ سے لے کر چیف آف آرمی سٹاف کی تقرری سب کچھ انکی مرضی سے ہوا کرے، انکی خواہش ہے کہ اینٹی کرپشن سے لے کر نیب کے سربراہ کوبھی یہ لگائیں اور یہ خواہش کریں کہ تمام ایجنسیوں کے سربراہ بھی یہ لگائیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام روڑی اور مہنگائی سے تنگ ہیں اور یہ عوامی جلسوں پہ اربوں روپے خرچ کر رہا ہے،میں اس مولا جٹ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ اداروں کو دھمکیاں لگاتا ہے لیکن لوگ خاموش ہیں،لاڈلا ابھی تک لاڈلا ہے ۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا اداروں کے ذمہ داران محض اس لیے خاموش رہیں کہ عمران خان کی سوشل میڈیا بریگیڈ انکی کردار کشی شروع نہ کردیں، مجھے کوئی یہ بتائے کہ کب تک یہ قوم خاموش رہے گی،اگر ادارے نوٹس نہیں لیں گے تو کون لے گا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ہم سیلا ب سے ہونے والی تباہیوں کیساتھ عمران خان کی طرف سے کی گئی چار سالہ معاشی تباہی کو بھی بھگت رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم کو اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں ، عمران خان سول نافرمانی کی راہ پر چل پڑے ہیں، ان کو نکیل نہ ڈالی گئی تو ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ اپنی سیاست قربان کر رہے ہیں اور ملک کے لئے اپنی زندگیاں تک دے سکتے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں