پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اہم میچ میں ملتان سلطانز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے

اتوار 10 مارچ 2024 19:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2024ء) پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اہم میچ میں ملتان سلطانز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ، فاتح ٹیم نے 229 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا ، کولن منرو نے 84 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اسلام آباد کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا ، شاداب خان نے 54 اور عماد وسیم نے ناٹ آؤٹ 30 رنز بنائے ، ملتان سلطانز کے عثمان خان کی سنچری رائیگاں گئی ، گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے ، عثمان خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 50 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے ، جونسن چارلس نے 42 ، یاسر خان نے 33 ، محمد رضوان نے 20 ، کرس جورڈن نے 15 اور افتخار احمد نے 13 رنز بنائے ، اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف فہیم اشرف نے دو جبکہ نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، کولن منرو نے طوفانی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 84 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے ، شاداب خان نے 31 گیندوں پر 54 اور فہیم اشرف نے 14 گیندوں پر 23 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، آخری دو گیندوں پر بالترتیب چھکا اور چوکا لگانے والے عماد وسیم نے 13 گیندوں پر 30 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو اہم فتح دلوائی ، ملتان سلطانز کے عباس آفریدی نے تین اور محمد علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، کولن منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں