رحیم یار خان،بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق، 24 زخمی

جمعرات 2 مارچ 2023 16:05

صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2023ء) صادق آباد سے پاکپتن جانے والی بس رحیم یار خان سے 90 کلومیٹر دور تحصیل لیاقت پور کے قریب الٹ گئی، حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسافر بس کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں الٹ گئی۔رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار بس میں 50 کے قریب مسافر سوار تھے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس خطرناک موڑ کے قریب تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے الٹ گئی۔

خوفناک بس حادثے کے نتیجے میں 45 سالہ عبدالغفور، 45 سالہ محمد صادق اور 75 سالہ عمر دین نامی مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، 24 زخمیوں کو لیاقت پور اور خانپور کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تحصیل انتظامیہ شاہی روڈ پر آنے والے کئی خطرناک موڑ جو کہ حادثات کا باعث بنتے ہیں، ان کے حوالے سے روڈ سیفٹی اقدامات پر عمل درآمد کروانے میں بہت کم دلچسپی لیتے ہوئے دکھائی دیتی ہے۔

واضح رہے کہ تقریبا 2 ہفتے قبل لاہور اسلام آباد موٹر وے پر کلر کہار کے قریب بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت 64 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔اس حادثے سے قبل 13 اگست 2022 کو تحصیل لیاقت پور کے فیروزہ ٹاؤن مین بس اسٹاپ پر چینی سے بھرا ٹرک کوسٹر پر گرنے سے 13 مسافر جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

صادق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں