ساہیوال، پنجاب حکومت کی بھر پور توجہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر ہے، صوبائی وزیر زراعت

ہفتہ 27 جون 2020 18:45

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی بھر پور توجہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر ہے جس کے لئے بجٹ کے ترقیاتی پروگرام میں سب سے زیادہ 33 ارب 61 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے بھی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جا رہی، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی اس وائرس کے خلاف جنگ میں خدمات کو عوام کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا ہ نہ کرتے ہوئے بیماروں کی ہمہ وقت نگہداشت کو یقینی بنایا ۔

انہوں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں 4 جدید آپریشن تھیٹرز بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس سے ایمرجنسی میں لائے گئے مریضوں کے فوری آپریشن کا سنگین مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی،ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید،ڈاکٹر نثار احمد،ڈاکٹر زبیر طارق،ڈاکٹر اختر محبوب،ڈاکٹر ہارون گیلانی اور تحریک انصاف کے مقامی رہنما شیخ محمد چوہان نے بھی شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے واضح احکامات پر محکمہ صحت کی تمام مالی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے اور اس وبا سے لڑنے کیلئے درکار فنڈز کی کوئی قلت نہیں آنے دی جا رہی ۔انہوں نے بتایا کہ ساہیوال میں جدید کارڈیک سنٹر اور چلڈرن ہسپتال بھی تعمیر کئے جائیں گے جس سے علاقے کے ایک کروڑ سے زائد افراد کو فائدہ ہو گا ۔

اپنے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ سے متصل آپریشن تھیٹرز کی اشد ضرورت تھی کیونکہ ایمرجنسی میں لائے گئے بعض مریضوں کو فوری آپریٹ کرنا ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 8کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ان تھیٹرز میں آپریشن کی تمام جدید سہولیات مہیا کی گئی ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بھی تھیٹرز کی تعمیر میں حصہ ڈالا ہے اور 20لاکھ روپے کے عطیات جمع ہوئے جن میں ڈاکٹر اختر محبوب نے 2لاکھ اور ان کے بھائی ارشد محبوب نے 3لاکھ روپے جبکہ ڈاکٹر عبدالوحید،ڈاکٹر زبیر طارق اور ڈاکٹر شاہد نذیر نے ایک ایک لاکھ روپے عطیہ کیا ۔

بعد ازاں مذکورہ وزیر نے آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کیا اور فراہم کی گئی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں