عمران خان کو سب سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں سے زیادہ مخلص دیکھا ہے، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی،سردار شیرمحمدرند

ن لیگ اور زرداری لیگ ملک کے لیے نقصان کا باعث بنے ہیں قوم پی ٹی آئی جوائن کر کے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے،استقبالیہ تقریب سے خطاب

جمعہ 30 ستمبر 2022 16:37

سکرنڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2022ء) ضلع شہید بے نظیر آباد کی معزز شخصیت سردار شیر محمد رند کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کر کے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد پہلی مرتبہ نواب شاہ پہنچنے پر پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی نائب صدر گل محمد رند کی جانب سے ہمدرد ہائوس سکرنڈ میں سردار شیر محمد رند کی جانب سے استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں سردار شیر محمد رند اور اس کے فرزند بہاول خان رندکو سندھ کی ثقافت اجرک اور ٹوپی کے تحفے پیش کئے گئے۔ اس موقع پر سردار شیر محمد رند نے کہا کہ میں نے عمران خان کو سب سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں سے زیادہ مخلص دیکھا ہے، جس کی وجہ سے میں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے، اگرچہ سیاسی حوالے سے زرداری لیگ نے ہمارے کارکنوں سے سیاسی انتقام لینے کی کوشش کی یا سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا تو ان کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا جبکہ جیل اور تھانے ہمارے دیکھے ہوئے ہیں اور آنے والے الیکشن میں بھرپور مقابلہ کرکے ان شاء اللہ کامیابی حاصل کریںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان تحریک انصاف میں کہیں سال پہلے شمولیت اختیار کرنی چاہئے تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور زرداری لیگ ملک کے لیے نقصان کا باعث بنے ہیں اس لیے قوم کو چاہیے کہ اب پی ٹی آئی جوائن کر کے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں استقبالیہ تقریب میں پارٹی ورکرز اور عہدے داران کی جانب سے عمران خان کو اپیل کی گئی کہ وہ آنے والے الیکشن میں نوابشاہ کی این اے 213 کی سیٹ پرالیکشن لڑیں۔استقبالیہ تقریب میں عنایت علی رند،ندیم احمد راجپوت،نثار احمد پرھیاڑ،امام علی انڑ،ڈاکٹر فرخ آرائیں،غلام مصطفی جلالانی،راشد علی کھوڑو،اقبال رند،نذیر حسین رند،دھنی بخش مگسی اور دیگرشامل تھے

سکرنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں