وفاقی وزیر شازیہ عطا مری کا سانگھڑ کے بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ،صورتحال اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا

اس مشکل کی گھڑی میں بارش اور سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گیں ،بارش اور سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،شازیہ مری

اتوار 21 اگست 2022 22:25

سانگھڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2022ء) وفاقی وزیر تخفیف غربت اورسماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے اتوارکو اپنے آبائی حلقے سانگھڑ کے بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بارش کے بعد پیدا ہونے والی پانی کی صورتحال اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیرنے سانگھڑ شہر،دل شاخ، پیرومل، لون خان، کھپرو، یوسی حافظ راجڑ، کھائی، حمزو درس، بھٹ بھائٹی، جمال آباد ودیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر پی پی پی ضلعی صدر علی حسن ہنگورجو، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی سیدریاض حسین شاہ خراسانی، پی پی پی رہنما عمرگل، امان اللہ مری محمد وسیم قائم خانی، امتیاز درس، راجیش کمار اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی دورے کے دوران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے بارش متاثرین کی شکایات سنی اور موقع پر ہی ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ اور دیگرمتعلقہ اداروں کے حکام کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی اور رلیف کے کاموں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے ضلع سانگھڑ کے مختلف برادریوں کے معززین اور متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کرکے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں بارش اور سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گیں ،بارش اور سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا سانگھڑ کے بارش متاثرہ علاقوں میں راشن اور ریلیف کی آپریشن جاری کئے جارہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے حالیہ بارشوں میں جاںبحق ہونے والے احمد بوزدار کے ورثا کے ساتھ فاتحہ خوانی کی اور انہیں دس لاکھ کا امدادی چیک بھی دیا۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں