طالب علموں میں خود اعتمادی بیدار کرنے کیلئے ہم نصابی سرگرمیاں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں،ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم

اتوار 17 مارچ 2024 15:25

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہاہے کہ طالب علموں میں خود اعتمادی بیدار کرنے کے لیے ہم نصابی سرگرمیاں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں،اس لئے تحریر و تقریر اورحالاتِ حاضرہ پر مختصر ٹیبلوز کے ذریعے بچوں کی ذہن سازی بہت ضروری ہے جس کے لئے اساتذہ کے پاس تعلیم و تدریس کا کوئی نہ کوئی نصب العین ہونا چاہیے،ہمارا پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے جس کے حصولِ کے مقاصد کے بارے بچوں میں آگاہی بہت ضروری ہے ،یہی پاکستان سے محبت ہمارے ایمان و ایقان کا تقاضا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے نجی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے بغیر ہم تعلیمی مقاصد حاصل نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سحرخیزی، تلاوتِ قرآن پاک اور نظم و ضبط سے دن کا آغاز کامیاب زندگی کے لیے اشد ضروری ہے جس کے لئے والدین اور اساتذہ کو اپنے کردار و عمل سے بچوں کے رویوں میں تبدیلی لانے کا فریضہ انجام دینا چاہیے۔

ایم ڈی سکول سسٹم قاضی افتخار احمد نے کہا حصولِ منزل کے لیے حوصلہ،اٴْمید اور شبانہ روز محنت بہت ضروری ہے اس وقت 5طالب علموں سے تدریسی سفرکا آغاز آج کئی شاخوں میں ہمارے سامنے ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی کی محنت رائیگاں جانے نہیں دیتا۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو مایوس نہ کریں۔ اٴْنھیں مسلسل محنت کی دعوت دیں۔ڈی ایس پی ملک طارق اعوان نے کہا کہ ہمارے بچے صلاحیتوں سے مزین ہیں۔

ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہمارا فرض عین ہے ۔ صحت مندانہ سرگرمیاں دورانِ تعلیم بچوں کے لیے بہت سود مند ہیں۔ ڈاکٹر سید سعید الرحمن نے کہا کہ ہمارا آنے والا کل آج سے بہتر ہونا چاہیے جس کے لیے مسلسل محنت کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کو خوشحال اور فعال ملک بنانے کے لیے اجتماعی جدوجہد کرنا ہے۔آخر میں اعلیٰ کارگزاری کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو انعامات اور مہمانوں کو اعزازی تحائف دئیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں