سرگودھا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی طرف سے 433 ہوٹلز، تندور اور نان بائی کی دکانوں کی انسپکشن

بدھ 17 اپریل 2024 17:26

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ چاروں اضلاع میں عوام کو روٹی اور نان کی کم قیمت کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ڈویژن بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 433 ہوٹلز، تندور اور نان بائی کی دکانوں کی انسپکشن کی جن میں 133 کو خلاف ورزی پر مجموعی طور پر1 لاکھ 70 ہزار روپے کا جرمانہ جبکہ 8 ہوٹل و تندور مالکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا ڈویژن میں225 ہوٹلز، تندور اور نان بائی کی دکانوں کی انسپکشنزکی گئیں جن میں سے 69 ہوٹلز و تندور مالکان کو خلاف ورزی کرنے پر 1 لاکھ 35 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا اور 7 افراد کو موقع پر گرفتار کروایا گیا۔ خوشاب میں 93 ہوٹلز، تندور اور نان بائی کی دکانوں کی انسپکشن کے دوران 22 پر خلاف ورزی پائی گئی جنہیں 18 ہزار 500روپے جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

میانوالی میں 63 ہوٹلز، تندور اور نان بائی کی دکانوں کی انسپکشن کے دوران 9 مقامات پر خلاف ورزی رپورٹ ہونے پر 11 ہزار 500روپے جرمانہ کیاگیاجبکہ بھکر میں نان اور روٹی کی مقررہ قیمتوں کو یقینی بنانے کےلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2 دنوں میں 22 ہوٹلز اور تندور و نان بائی کی دکانوں کوچیک کیا اور 3مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی جنھیں مجموعی طور پر 4 ہزار 500روپے جرمانہ اور ایک نان بائی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کمشنرکامزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کریں اور روازنہ کی بنیاد پر ہو ٹلز، تندوروں اور نان بائی کی دکانوں پر جا کر روٹی اور نان کی قیمتوں اور وزن کو چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ قیمت پنجاب ایپ کو فعال کر دیا گیا ہے جس پر عوام الناس روٹی یا نان کی قیمتوں میں اضافہ کرنےوالے تندور یا ہوٹل مالکان کے خلاف شکایات درج کراسکتے ہیں، قیمت پنجاب ایپ پر شکایت ملنے پر متعلقہ تندور یا ہوٹل مالک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں