سوات ،بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ و دیگرواقعات میں 6بچے جاں بحق

منگل 16 اپریل 2024 20:40

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) سوات میں حالیہ شدیدبارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور دیگرواقعات میں 6بچے جاں بحق ہوئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سوات میں حالیہ شدید بارشوں کے دوران تحصیل مٹہ کے علاقے پیشتونئی میں ایک مکان پر پہاڑی تودہ گرگیا جس کے نتیجے میں ایک کمرہ منہدم ہوگیا ۔ جس کے نتیجے میں موجوددو چچازاد بھائی بارہ سالہ مجیداللہ اورپندرہ سالہ عصمت اللہ ملبے تلے دب گئے ۔

جن کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا مگر بعدازاں مٹہ اسپتال میں دم توڑ گئے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح میاندم ویلی کے کسونہ جنگل میں نورمحمد کے دو بیٹے سات سالہ اشفاق اور چودہ سالہ رفاق آسمانی بجلی گرنے کے بعدریلے میں بہہ گئے ۔ رفاق کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا جبکہ اشفاق کی لاش ملی ۔ علاوہ ازیں منگلور کے علاقے شالدرہ میں اکبرزادہ کے مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے کمرے میں موجود اس کے دو بیٹے سولہ سالہ وقاص اورچودہ سالہ جنید ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے ۔اسی طرح مینگورہ کے علاقے اخترآباد میں ایک آٹھ سالہ بچہ ہاشر ولد افضل حسین سکنہ بٹ خیلہ جو اپنے ننھیال آیا ہوا تھا کہ بپھرے ہوئے نالے میں گر کر بہہ گیا ۔ جس کی لاش دوسرے روز لنڈاکے قریب ڈپو کے مقام پر دریا سے ملی ۔

متعلقہ عنوان :

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں