خیبر پختونخوا میں سوات موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے، فضل حکیم یوسفزئی

پیر 29 اپریل 2024 23:37

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سوات موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے یہاں کے عوام کو کافی جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، گرین کلائیمیٹ فنڈ میں خیبر پختونخوا کو مسلسل نظر انداز کیا جانا باعث تشویش ہے، صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہے، وہ گزشتہ روز مسلسل بارشوں کی وجہ سے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے شگئی سیدو شریف میں بارش سے متاثرہ شخص اصغر خان کے گھر کے معائنے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے صوبائی وزیر نے گھر اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

۔اس موقع پر پی ٹی آئی سٹی صدر و چیئرمین ویلج کونسل حیدر علی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔بعد ازاں فضل حکیم خان یوسفزئی نے اخون بابا کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر جلنے والی دکان کے نقصان کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں صوبائی حکومت عوام کے غم میں شریک ہے اور ہر قسم کی ریلیف کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے احکامات کے عین مطابق تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں