تحریک انصاف کرپشن سے پاک نئے پاکستان کے لئے جہدوجہد کررہی ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی

پنجاب سے مسلم لیگ نواز تتر بتتر ہوچکی ہے، سندھ سے زرداری لیگ کا صفایا کرنا ہے، تحریک انصاف لوگوں کی امید کی کرن بن چکی ہے

اتوار 8 جولائی 2018 19:10

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کرپشن سے پاک نئے پاکستان کے لئے جہدوجہد کررہی ہے۔ پنجاب سے مسلم لیگ نواز تتر بتتر ہوچکی ہے۔اب سندھ سے زرداری لیگ کا صفایا کرنا ہے۔ تحریک انصاف پاکستان میں لوگوں کی امید کی کرن بن چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو عمرکوٹ ضلع کے مختلف شہروں شادی پلی بچائو بند سمیت مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ن انتشار کا شکار ہوچکی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا اپنا ایک بیانیہ ہے تو دوسری طرف شہبازشریف کا اپنا بیانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔

(جاری ہے)

25جولائی کا سورج کرپشن سے پاک نئے پاکستان کا سورج طلوع ہوگا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے لوگوں کو مایوس کیا ہے۔

ہمیں الیکشن میں انقلاب لانا ہے۔ انشااللہ الیکشن میں سندھ میں تحریک انصاف اور جی ڈی ای کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ 17جولائی کو عمرکوٹ میں تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما ایک بڑے جلسے عام سے بھی خطاب کرینگے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مخدوم شاہ محمود قریشی سندھ میں قومی اسمبلی کے دو حلقہ عمرکوٹ کے حلقہ این اے 220ضلع تھرپارکر کے حلقہ این اے 221 الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

عمرکوٹ اور تھرپارکر ضلع میں تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے۔ ضلع عمرکوٹ آمد پر شاہ محمود قریشی کا انتہائی شاندار استقبال کیا گیا۔ شادی پلی بچائوبند سامارو اور دیگر مقامات پر شاہ محمود عوامی اجتماعات سے خطاب کے بعد تھر کیلئے روانہ ہوجائیںگے۔

عمرکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں