اوول کے میدان میں بھارتی سورمائوں کو دھول چٹا کر آئی سی سی چیمپئنز وطن واپس پہنچ گئے

کھلاڑیوں کا وطن واپس پہنچنے پر،لاہور ،کراچی ،راولپنڈی ،پشاور ایئرپورٹس پر حکومتی عہدیدران ،ضلعی انتظامیہ اور شائقین کرکٹ کی جانب سے والہانہ ریڈ کارپٹ استقبال، پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سکیورٹی رسک کے باعث ائرپورٹ نہ پہنچ سکے ، کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے،صوبائی وزرا نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیئے قو می پرچم ہاتھ میں پکڑے ہوئے شائقین کی بھاری تعداد نے قومی ٹیم کے اراکین کے حق میں نعرے بازی کی,شائقین نے کرکٹرز کے ساتھ سیلفیاں بنائیں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے،چاروں کھلاڑیوں کی بڑی بڑی تصاویر لگائی گئیں تھیں فتح ٹیم سپرٹ کا نتیجہ ہے انڈیا کے خلاف گروپ میچ میں شکست کے بعد لڑکوں نے بہترین کم بیک کیا اور جس طرح فائنل میں کھیلے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، سرفراز احمد تمام لوگوں کا شکریہ، جس طرح قوم نے دعا کی وہ دعائیں ہماری جیت میں کام آئیں، آگے بھی دعا کریں تاکہ ہم اور ٹرافیاں جیتنے میں کامیاب ہوسکیں، کپتان قومی ٹیم

منگل 20 جون 2017 13:38

اوول کے میدان میں بھارتی سورمائوں کو دھول چٹا کر آئی سی سی چیمپئنز وطن واپس پہنچ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو ہرانے والی قومی ٹیم کے کھلاڑی مختلف فلائٹس کے ذریعے لاہور ،کراچی ،راولپنڈی،پشاور اور سیالکوٹ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد ،بابر اعظم ،فہیم اشرف ،حسن علی ،پی سی بی عہدیدران شاہد اسلم ،میجر اظہر اور رضا راشد لاہور پہنچے،کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ کراچی پہنچے، شاداب اور عماد وسیم راولپنڈی ،حارث سہیل سیالکوٹ اور فخر زمان پشاور،پہنچے جبکہ قومی ٹیم کے دیگر اراکین محمد عامر ،جنید خان ،محمد حفیظ ،شعیب ملک ،اظہر لندن میں چند دن قیام کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گے ۔

تمام کھلاڑیوں کا متعلقہ ایئرپورٹس پر حکومتی عہدیدران ،ضلعی انتظامیہ کے اراکین اور شائقین کرکٹ نے والہانہ استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صوبائی وزرا رانا مشہود ،جہانگیر خانزادہ ،علی رضا گیلانی ،مجتبی شجاع الرحمان،میئر لاہورکرنل مبشر ،ضلی انتظامیہ ،پی سی بی عہدیدران ،کرکٹرز کے اہل خانہ اور شائقین کرکٹ نے کھلاڑیوں کاکا والہانہ ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔

انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے،صوبائی وزرا نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیئے اورپنجاب پولیس کے جوانوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔قومی پرچم ہاتھ میں پکڑے ہوئے شائقین کی بھاری تعداد نے قومی ٹیم کے اراکین کے حق میں نعرے بازی کی,شائقین نے کرکٹرز کے ساتھ سیلفیاں بنائیں ۔اس موقع پر علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے،چاروں کھلاڑیوں کی بڑی بڑی تصاویر لگائی گئیں تھیں ۔

ہر طرف پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج رہے تھے جبکہ شائقین نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے،ایئرپورٹ سے باہر شائقین نے جشن سے سماں باندھ دیا ۔چاروں کرکٹرز اور پی سی بی عہدیداران کو پولیس کی بھاری سیکورٹی میں ایئرپورٹ سے باہر ان کی ذاتی گاڑیوں تک پہنچایا گیا جہاں سے وہ پولیس اسکواڈ کے ہمراہ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے تو راستہ میں شائقین کرکٹ نے کرکٹرز کی گاڑیوں کو گھیر لیا اور ان کی گاڑیوں پر گل پاشی کی ۔

سی سی پی او ا امین وینس کھلاڑیوں کی گاڑیوں کو خود ٹریفک سے کلیئر کراتے رہے ۔فہیم اشرف اور بابر اعظم اپنے گھروں کو پہنچے تو اہلیاں محلہ اور اہل خانہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا ان پر پھول اور نوٹ نچھاور کئے گئے ۔دونوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سحری کی۔بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ کھلاڑیوں کی محنت اور قوم کی دعائوں کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ جیتے اور انشا اللہ آئندہ بھی اسی کارکردگی کو دہرائیں گے ۔

کھلاڑیوں نے بہت محنت کی جس کا اللہ نے صلہ دیا۔پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیم نے بھرپور کم بیک کیا ۔حسن علی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد ہی میں نے اپنا گول سیٹ کرلیا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کروں گا اور اللہ تعالی نے اس میں کامیابی دی ۔میری پرفارمنس میں بولنگ کوچ اظہر محمود کا بہت ہاتھ ہے ۔میچ میں پریشر بالکل نہیں لیا ،کامیابی ٹیم ورک کا نیتجہ ہے ۔

چیمپئنز ٹرافی میں مثبت کرکٹ کھیلی ۔دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس دبئی سے کراچی ائیرپورٹ پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال گورنر سندھ محمد زبیر، صوبائی وزرا محمد بخش مہر، سہیل انور سیال اور میئر کراچی وسیم اختر سمیت اہم حکومتی شخصیات نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں کو روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک بھی پہنائی جبکہ ایئرپورٹ کے اندر موجود شائقین کرکٹ نے دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور ان پر پھول بھی نچھاور کیے۔

شائقین کرکٹ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ڈالتے رہے جس کے بعد دونوں کھلاڑی وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ائیرپورٹ سے اپنے گھر کے لیے روانہ ہوگئے۔قومی ٹیم کو کامیابی سے سرفراز کرنے والے کپتان سرفراز احمد کے گھر کے باہر بھی ان کے بھرپور استقبال کی تیاریاں کی گئیں اور پرجوش شائقین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔اپنی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے سرفراز احمد نے کہا کہ فتح ٹیم سپرٹ کا نتیجہ ہے انڈیا کے خلاف گروپ میچ میں شکست کے بعد لڑکوں نے بہترین کم بیک کیا اور جس طرح فائنل میں کھیلے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

فاتح کپتان کا کہنا تھا کہ 'شروع میں لڑکے پریشر میں آگئے تھے جس کی وجہ سے ہمیں تھوڑا نقصان ہوا لیکن ٹیم مینجمنٹ کو کریڈٹ دوں گا جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ایونٹ میں نئے ٹیلنٹ کی متاثر کن کارکردگی کے حوالے سے کیے گئے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ 'سینئرز نے بھی اہم مواقع پر زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تاہم پاکستانی ٹیم بالکل نوجوان ٹیم تھی جس میں 9 کھلاڑی پہلی باری آئی سی سی کا ایونٹ کھیل رہے تھے اور 4 سے 5 لڑکے پہلی باری ون ڈے ٹیم میں آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا سائن ہے کہ رومان رئیس ، شاداب خان، فخر زمان اور حسن علی جیسے نوجوان کھلاڑی بڑے ایونٹس میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔استقبال کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ تمام لوگوں کا شکریہ، جس طرح قوم نے دعا کی وہ دعائیں ہماری جیت میں کام آئیں، آگے بھی دعا کریں تاکہ ہم اور ٹرافیاں جیتنے میں کامیاب ہوسکیں۔

ایونٹ میں واپسی اور اچھی پرفارمنس کے لیے کپتان کی حکمت عملی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سرفراز کا کہنا تھا کہ ہم نے چیزوں کو آسان رکھنے کی کوشش کی اور لڑکوں کو نیچرل گیم کھیلنے کا مشورہ دیا، جیسے وہ ڈومیسٹک میچز میں کھیلتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کامیابی سب کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے کسی ایک کی محنت نہیں تھی، ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ٹیم آج چیمپیئن بنی۔

ایک سوال کے جواب میں کپتان کا کہنا تھا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں ابھی ڈیڑھ سال باقی ہے، چیمپیئنز ٹرافی کی یہ وکٹری بہت بڑی کامیابی ہے جسے ایک 2 دن نہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 2019 ورلڈ کپ کی تیاری اس وقت کریں گے اس وقت اس کامیابی کو انجوائے کررہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے چیمپینزٹرافی کو پوری قوم کے لیے رمضان کا تحفہ قرار دیا۔جبکہ شاداب اور عماد وسیم راولپنڈی ،حارث سہیل سیالکوٹ اور فخر زمان پشاور،پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔
وقت اشاعت : 20/06/2017 - 13:38:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :