پی ایس ایل میگا ایونٹ ہے ہم سب نے مل کر اس کو کامیاب بنانا ہے،وزیراعلی سندھ

جمعہ 9 فروری 2018 17:07

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن تھری میگا ایونٹ ہے، ہم سب نے مل کر اس کو کامیاب بنانا ہے، پرامن ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں پی ایس ایل کی تیاریوں سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری رضوان میمن، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ میچز کی تیاریوں سے متعلق مربوط اور فول پروف سیکیورٹی پلان کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس میں ملک کی تینوں اداروں نے تیاریوں کی نگرانی کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے شہر قائد میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ میچز کی سیکیورٹی سے ملحقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی معیار کی سیکیورٹی کی یقینی بنانے کے احکامات صادر کیے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی ٹھوس اور مربوط حکمت عملی پر مشتمل سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے اور اس سلسلے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور بین الاقوامی معیارات کو فوکس کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کراچی میں کروائیں گے، جو وعدہ پورا ہونے کو ہے اب ہم سب نے اس میگا ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل سے متعلق اپنی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جوکہ وقتا فوقتا اپنا اپنا ورک پلان بھیجی گی۔ چار رکنی کمیٹی میں ایگزیکٹو کمیٹی میں چیف سیکریٹری، سول کمیٹی میں وزیر بلدیات و میئر کراچی، انٹلی جنس کمیٹی میں خفیہ اداروں کے حکام اور سیکیورٹی کمیٹی میں پولیس و رینجرز کے حکام شامل ہیں۔

اجلاس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس نے لاہور کا دورہ کیا جس میں پاکستان و سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کا اکتوبر 2007 کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سٹیڈیم اور اس کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمراز نصب ہیں جسکے ذریعے نگرانی کی جائی گے اور میچز سے پانچ روز قبل پارکنگ ایریاز اور سٹیڈیم کھول دیا جائے گا اور تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین قریبی تعاون کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی سیکیورٹی جاوید مہر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس نے سیکیورٹی کمیٹی بنائی ہے جوکہ پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کے حکام روزانہ کی بنیاد پر آپس میں رابطے میں رہیں گے جس پر وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں شہری مسائل کے حل کیلئے ترجیحی اقدامات کیے جائیں خصوصا شہر کی لائٹنگ، پانی کا بندوبست، پارکنگ سائیٹ بنانا، صفائی کا کام، فضلہ کو ٹھکانے لگانا اور طبی سہولیات کا بندوبست شامل ہوں۔

انہوں نے سٹیڈیم کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے اور ٹریفک کے متبادل راستے پہلے سے عوام کو بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو پابند کیا کہ پی ایس ایل ایونٹ ہمارے عوام کیلئے ہے اور اس ایونٹ سے کسی قسم کی بھی عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ ٹریفک پولیس اپنا مربوط نظام بندوبست کرے۔ جس پر آئی جی سندھ نے مکمل طور یقین دہانی کراتے ہوئے وزیراعلی سندھ کو آگاہ کیا کہ سٹیڈیم میں 33 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے جس کو نظر میں رکھتے ہوئے پارکنگ و دیگر بندوبست کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے قریب آغا خان و لیاقت نیشنل ہسپتال ہیں، انکی انتظامیہ سے بات کرکے انہیں الرٹ رہنے کو بھی کہیں تاکہ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ان قریبی ہسپتالوں کی خدمات لی جاسکیں۔ انہوں یہ بھی ہدایت کی کہ سٹیڈیم میں موجود تمام ایمبولینسز جدید ایمرجنسی سہولیات سے لیس ہونی چاہیں۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے وزیراعلی کو بتایا گیا کہ میچ شروع ہونے کے چار گھنٹے قبل شائقین کو پہنچنا ہوتا ہے، سٹیڈیم میں40 ہزار سے زائد کا کرائوڈ ہوگا جس پر وزیراعلی سندھ نے میچ کے خاتمے کے بعد بھی بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خیال رہے شائقین بے خوف اور محفوظ طریقے سے سٹیڈیم سے اپنی گاڑیوں تک پہنچنے چاہیں۔

سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ میچ کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جائے گی اور 11 تاریخ کو صبح 10 بجے کی ریہرسل کیلئے بھی یہی ہیلی کاپٹرز استعمال ہونگیں۔ ریہرسل ایئرپورٹ سے ہوٹل اور سٹیڈیم تک ہوگی۔ سیکیورٹی کیلئے ہیلی کاپٹر سول ایوی ایشن کے کور کمانڈر کراچی مہیا کررہے ہیں۔ اجلاس کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹیڈیم اور اسکے اردگرد کا کنٹرول مرکزی و صوبائی سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کے علاوہ قومی ہیروز اور کمانڈوز تعینات ہوں گے جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل کی تیاری سے متعلق آئندہ اجلاس 14 فروری کو طلب کرلیا ہے۔
وقت اشاعت : 09/02/2018 - 17:07:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :