باکسر عامر خان لاہور پہنچ گئے،آج بڑا اعلان متوقع

منگل 15 مئی 2018 11:44

باکسر عامر خان لاہور پہنچ گئے،آج بڑا اعلان متوقع
لاہور(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مئی 2018 ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پنجاب باکسنگ چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے۔30سالہ عامر خان ایمرٹس ایئر لائن کی پرواز ای کے 622 کے ذریعے براستہ دبئی آج صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ،لاہور پہنچے جہاں پنجاب سپورٹس بورڈ کے چیئرمین عامر جان اور ڈائریکٹر محمد انیس نے ان کا استقبال کیا۔

سابق باکسنگ چیمپئن کی اہلیہ فریال مخدوم بھی ان کے ہمراہ پاکستان آئی ہیں۔عامر خان آج شام پنجاب باکسنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے اور اس دوران وہ باکسنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ باکسنگ کے فروغ کے لیے آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوان باکسنگ چیمپئن بنیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ عامر خان نے اپنے ویڈیو پیغام کہا تھا کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان آرہے ہیں جہاں باکسنگ لیگ سے متعلق بڑا اعلان کریں گے،ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں باکسنگ لیگ کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

عامر خان نے لاہور پہنچنے کے بعد جہاز میں لی گئی ایک تصویر بھی ٹوئٹر پر مداحوں سے شیئر کی، جس میں ان کے ساتھ ان کی اہلیہ فریال مخدوم بھی موجود ہیں۔
عامر خان نے صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر میں باکسنگ اکیڈمی کھولنے کا اعلان بھی کیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ گوادر میں ایک زمین خریدنا چاہتے ہیں جہاں وہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے عامر خان باکسنگ اکیڈمی کھولیں گے تاکہ پاکستان میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے اور انہیں سی پی آئی سی کی پوری ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ اس سلسلے میں معاونت کرے گی۔تقریب کے موقع پر عامر خان نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ گوادر میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر غور کریں کیونکہ یہاں بہت سے مواقع موجود ہیں اور مستقبل میں گوادر پاکستان کی ترقی کا ضامن ہوگا۔
وقت اشاعت : 15/05/2018 - 11:44:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :