پی ایس ایل 4،کراچی کنگز نے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کردیا

پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14فروری سے شروع ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 جنوری 2019 14:49

پی ایس ایل 4،کراچی کنگز نے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کردیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کی دوسری مہنگی ترین فرنچائز کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے اپنے کپتان اور نائب کپتان کے ناموں کااعلان کردیا ہے ۔ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹویٹر پراپنے پیغام میں لکھا کہ ” پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں عماد وسیم کراچی کنگز کے کپتان ہوں گے جب کہ کولن انگرام ان کے ڈپٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ، دونوں کے لیے نیک خواہشات ہیں “ ۔

پی ایس ایل کے 2016 میں پہلے ایڈیشن کے شروع میں شعیب ملک کراچی کنگز کے کپتان تھے، انہوں نے ایونٹ کے دوران ہی قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تو انگلش آل راﺅنڈر روی بوپارہ نے ٹیم کی کمان سنبھال لی، پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں قیادت سری لنکن بیٹسمین کمارسنگا کارا کے سپرد رہی، گزشتہ سال عماد وسیم نے 8 اور انگلش بیٹسمین این مورگن نے 3 میچز میں کراچی کنگز کی قیادت کی، ایک میچ میں محمد عامر کو بھی کپتانی کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن آئندہ سال 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا۔ لیگ کا فائنل میچ 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔ پاکستان میں کھیلے جانے والے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کے ساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔

جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ان تین کھلاڑیوں سمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 04/01/2019 - 14:49:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :