سفارشی نہیں صرف ٹیلنٹ آگے جائےگا، وسیم اکرم کی کھلاڑیوں پر تنقید

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ پر سرمایہ لگائے اور اس پر نظر رکھے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جون 2019 16:08

سفارشی نہیں صرف ٹیلنٹ آگے جائےگا، وسیم اکرم کی کھلاڑیوں پر تنقید
مانچسٹر(اردوپووائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جون2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے اگر کسی میں ٹیلنٹ ہوگا تو وہ آگے جاسکے گا سفارشی آگے نہیں جاسکے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان اور سلیکٹرز، کوچز اور دیگر سٹاف بدلنے سے کیا ہوگا کیونکہ ٹیم کے کھلاڑی تو وہی رہیں گے، ملک میں اگر کسی میں ٹیلنٹ ہوگا تو سامنے آئے گا اور آگے جاسکے گا، سفارشی آگے نہیں جاسکے گا۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ سٹرکچر پر کوئی توجہ نہیں دی گئی،انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پڑسی ملک نے گزشتہ 15 سال کے دوران اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ پر پیسہ لگایا ہے۔خیال رہے کہ بھارت گزشتہ 15 سالوں کے دوران ہی دنیائے کرکٹ کی سب سے باصلاحیت ٹیم بن کر ابھری جس نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2007ء، ورلڈکپ 2011 ءاور چیمپئنز ٹرافی 2013 ءاپنے نام کیے۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پاس پیسہ موجود ہے، تاہم اس کو چاہیے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ پر سرمایہ لگائے، اس پر اپنی توجہ مرکوز کرے اور اس کے معاملات پر نظر بھی رکھے۔خیال رہے ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کو 89 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان اور کھلاڑی تنقید کی زد میں ہیں، ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں ایک میں کامیابی ملی، 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نظر ہوا۔
وقت اشاعت : 20/06/2019 - 16:08:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :