مصباح الحق نے کوچ بننے کے بعد اپنا سب سے بڑا اختیار سرفراز احمد کو سونپ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فائنل 11 کا انتخاب کرنے کا حتمی اختیار ٹیم کے کپتان کے سپرد کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 4 ستمبر 2019 23:15

مصباح الحق نے کوچ بننے کے بعد اپنا سب سے بڑا اختیار سرفراز احمد کو سونپ دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2019ء) مصباح الحق نے کوچ بننے کے بعد اپنا سب سے بڑا اختیار سرفراز احمد کو سونپ دیا، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فائنل 11 کا انتخاب کرنے کا حتمی اختیار ٹیم کے کپتان کے سپرد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنائے جانے والے سابق کپتان مصباح الحق نے ذمے داری ملنے کے بعد اہم اعلان کیا ہے۔

مصباح الحق نے اعلان کیا ہے کہ وہ فائنل 11 کے انتخاب کے معاملے میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران کسی بھی میچ کیلئے فائنل 11 کا انتخاب کوچ اور کپتان مشترکہ طور پر کرتے رہے ہیں، تاہم اب مصباح الحق نے اعلان کیا ہے کہ میچ کیلئے فائنل 11 منتخب کرنے کا اختیار صرف کپتان کے پاس ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کوقومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے،مصباح الحق اور وقار یونس کو تین، تین سال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر مصباح الحق کا نام پیش کیا۔پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے ۔دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ۔مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے شروع ہوگی ۔

مصباح الحق نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔چیف ایگزیکٹو محمد وسیم نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا، کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے تمام درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔
وقت اشاعت : 04/09/2019 - 23:15:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :