پابندی کے خاتمے کے بعد شرجیل خان کی دھماکہ خیز واپسی

پہلے ہی میچ میں چوکوں چھکوں کی برسات کر کے تیز ترین سینچری داغ دی، 49 گیندوں پر 116 رنز کی اننگ کھیلی

muhammad ali محمد علی بدھ 20 نومبر 2019 22:53

پابندی کے خاتمے کے بعد شرجیل خان کی دھماکہ خیز واپسی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء) پابندی کے خاتمے کے بعد شرجیل خان کی دھماکہ خیز واپسی، پہلے ہی میچ میں چوکوں چھکوں کی برسات کر کے تیز ترین سینچری داغ دی۔ تفصیلات کے مطابق شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا بھگتنے کے بعد کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کی ہے۔ شرجیل خان نے کراچی میں ایک کلب کرکٹ میچ میں شرکت کی اور اس دوران دھواں دار بلے بازی کی مظاہرہ کیا۔

شرجیل خان نے مخالف ٹیم کے باولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے سینچری داغی۔ شرجیل خان نے 49 گیندوں پر 116 رنز کی اننگ کھیلی۔ واضح رہے کہ شرجیل خان تقریباً تین سال سے کرکٹ کے میدانوں سے دور ہیں۔ اب انہیں پاکستان سپر لیگ 5 کے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ شرجیل خان پی ایس ایل 5 کیلئے گولڈ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان نے اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔

شرجیل خان نے کہا تھا کہ ان کے ایک غیر ذمہ دارانہ عمل کی وجہ سے انھیں سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جس پر وہ پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستانی ٹیم، کرکٹ شائقین اور اپنے اہل خانہ سے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔ یاد رہے کہ شرجیل خان ساتھی کرکٹر خالد لطیف کے ساتھ سنہ 2017 کی پاکستان سپر لیگ کے موقع پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے۔ اس وقت یہ دونوں کرکٹرز اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔

دونوں پر الزام تھا کہ انھوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ناصرجمشید کے توسط سے ایک مشکوک شخص یوسف انور سے دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ملاقات کی تھی جس میں مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کے معاملات طے پائے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے مرحلے میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد پی سی بی کے ٹریبونل نے شرجیل خان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی تھی جس میں سے ڈھائی سالہ معطلی شامل تھی۔
وقت اشاعت : 20/11/2019 - 22:53:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :