راولپنڈی میں ایک لاکھ سے زیادہ تماشائیوں نے سٹیڈیم آکر پی ایس ایل میچز دیکھے

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے گراؤنڈ سٹاف اصل ہیروز:چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 مارچ 2020 14:32

راولپنڈی میں ایک لاکھ سے زیادہ تماشائیوں نے سٹیڈیم آکر پی ایس ایل میچز دیکھے
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دعوی کیاہے کہ راولپنڈی میں ایک لاکھ سے زیادہ تماشائیوں نے سٹیڈیم آکر پی ایس یل کے میچز دیکھے۔17 ہزار افراد کی گنجائش والے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مجموعی طور پر پی ایس ایل 2020ء کے 8 میچز کھیلے گئِے جس میں شائقین کا جوش وخروش زبردست رہا۔ ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں نے سٹیڈیم میں آکر میچز دیکھے،
ملتان میں 3 میچز کو دیکھنے والوں کی تعداد 80 ہزار سے زیادہ رہی۔

کراچی میں ابتدائی میچوں میں شائقین کی آمد 90 فیصد جب کہ قذافی سٹیڈیم میں اب تک 80 فیصد رہی ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کرکٹ پاکستانی عوام کا پسندیدہ کھیل ہے اور اس تناظر میں مداحوں کی سٹیڈیم آمد پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

شائقینِ کرکٹ کی سٹیڈیم آمد سے جہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے تو وہیں میڈیا کوریج کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت اور روایات کا مثبت پہلو بھی اجاگر ہوتا ہے۔

لیگ کے دوران چند میچوں میں موسم کھیل کے لیے سازگار نہیں تھا تاہم اس کے باوجود کرکٹ کے مداحوں نے حوصلے اور صبر سے کام لیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر نےگراؤنڈ اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیگ میں شامل 6 ٹیموں اور میچ آفیشلز کے بعد گراؤنڈ سٹاف اس ٹورنامنٹ کی آٹھویں ٹیم ہے۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے گراؤنڈ سٹاف اصل ہیروز ہیں، ان کی انتھک محنت کے سبب بارش کے باوجود بھی لیگ کے میچز کا انعقاد ممکن بنایا جاسکا۔

قذافی سٹیڈیم ،لاہور اور نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں بھی اتنا ہی محنتی گراؤنڈ سٹاف موجود ہے اور ایسے عملے کی موجودگی پی سی بی کی کامیابی کا بڑا سبب ہے۔ پی سی بی کی جانب سے مقامی انتظامیہ، صوبائی حکومتوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کےتعاون کے بغیرپی سی بی کے لیے اتنا بڑا ایونٹ منعقد کروانا ممکن نہ تھا۔
وقت اشاعت : 09/03/2020 - 14:32:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :