پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل یا رن ریٹ کے اعتبار سے سرفہرست ٹیم کو پی ایس ایل کا فاتح قرار دیکر ٹرافی دی جائے

ڈاکٹر سید جنید علی شاہ کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعرات 19 مارچ 2020 18:49

پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل یا رن ریٹ کے اعتبار سے سرفہرست ٹیم کو پی ایس ایل کا فاتح قرار دیکر ٹرافی دی جائے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2020ء) سابق صوبائی وزیر کھیل اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں پوائنٹس ٹیبل یا رن ریٹ کے اعتبار سے سرفہرست ٹیم کو فاتح قرار دیکر ٹرافی دے دی جائے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے و الی ٹیم کو رنزاپ قرار دیا جائے، پی ایس ایل فائیو کے 30 میچز کا انعقاد پاکستان میں ہونا پی سی بی کی بڑی کامیابی ہے، سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کرکے پی سی بی نے بڑا دا نشمندانہ فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق الرائونڈر شاہد آفریدی نے گذشتہ دنوں صحیح مطالبہ کیا تھا کہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہریست ٹیم کو پی ایس ایل کی ٹرافی دے دی جائے۔

(جاری ہے)

جنید علی شاہ نے کہا کہ سیمی فائنلز اور فائنل کے انعقاد کے لئے بہت انتظامات کئے جاتے ہیں اور ایک خطیر رقم بھی خرچ ہوتی ہے، پی سی بی کو ملتوی کئے جانے والے سیمی فائنلز اور فائنل میں بھی کافی نقصان اٹھانا پڑا ہوگا لہذا بار بار نقصان اٹھانے سے بہتر ہے کہ پی ایس ایل کی ٹرافی کا فیصلہ کرکے پوائنٹس ٹیبل یا رین ریٹ کے اعتبار سے سرفہرست ٹیم کو ٹرافی دے دی جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور ان حالات کے باوجود بھی پی ایس ایل کے 30 میچز کا انعقاد پاکستان میں ہونا پی سی بی کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کرکے پی سی بی نے دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے، کھیل انسانوں کی جان سے زیادہ اہم نہیں ہیں، بلاشبہ پی ایس ایل موجودہ سال کی بہترین لیگ تھی جس میں کافی نامور غیر ملکی کھلاڑی شریک تھے اور توقع ہے کہ آئندہ ایڈیشن میں مزید معروف کرکٹر لیگ کا حصہ بنیں گے۔

ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی کئی نئے کھلاڑیوں نے اپنے بہترین ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا ہے جو اس سال اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کرونا کی جنگ میں وہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں اور اسے اپنا قومی فریضہ تصور کرتے ہوئے بحیثیت والینٹر اپنا کردار ادا کریں، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قومی یکجہیتی کو فروغ دینے کا ہے، اگر پوری پاکستانی قوم متحد اور ایک پیج پر آجائے تو میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم کرونا کے خلاف جنگ جیت جائیں گے۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے بتائی گئی تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے حکومت سندھ خاص طور پر وزیر اعلی مراد علی شاہ کی جانب سے کرونا سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور حکومتی کاوشوں کو سراہا۔
وقت اشاعت : 19/03/2020 - 18:49:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :