پاکستان نے دو اہم ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلئے باضابطہ خواہش ظاہر کر دی

پی سی بی 2023ء سے 2031ء کے دوران ہونیوالے ورلڈ کپ اور چیمپئنز کپ کی میزبانی کا خواہاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 اپریل 2020 18:18

پاکستان نے دو اہم ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلئے باضابطہ خواہش ظاہر کر دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2020ء ) پاکستان نے آئی سی سی کے دو اہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے باضابطہ خواہش ظاہر کر دی ،پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) 2023ء سے 2031ء کے دورانیہ میں ہونیوالے ورلڈ کپ اور چیمپئنز کپ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب دیدیا، جس میں اس نے 2023ء سے 2031ء کے دوران ہونیوالے ورلڈ کپ اور چیمپئنز کپ کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے آئندہ اجلاس میں پی سی بی اپنی پریزینٹیشن دے گا، آئی سی سی کا اجلاس مئی کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔ ایونٹس کی میزبانی کے لیے ملائیشیا کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ نے مشترکہ طور پر خواہش ظاہر کی ہے جب کہ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے آئی سی سی ایونٹس میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اگرچہ میزبانی کا امیدوار بننے کے لیے 12 فل اور 92 ایسوسی ایٹ ممبرز میں سے کوئی بھی دلچسپی کا اظہار کرسکتا تھا لیکن اس کے باوجود مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی، باہمی سیریز اور لیگز سے پیسہ کمانے کے چکر میں بڑے بورڈز خاموش رہے،ایک وجہ فل ممبرز کے آپس کے اختلافات بھی بنے، ٹیکس میں استثنیٰ کا مطالبہ بھی کئی ملکوں کیلیے پورا کرنا آسان نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016ء کے ٹیکس میں چھوٹ نہ ملنے کی وجہ سے آئی سی سی بھارتی بورڈ سے 2 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی رقم بطور زرتلافی ادا کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے، مسلسل ٹال مٹول کے بعد اب ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی میں کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ ہوگا۔
وقت اشاعت : 09/04/2020 - 18:18:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :