پی ایس ایل ٹکٹوں کی واپسی کی مد میں شائقین کو ایک کروڑ روپے لوٹا دئیے گئے

پہلے روز مجموعی طور پر 9 ہزار 181 ٹکٹ واپس ہوئے اور ان ٹکٹوں کی مجموعی قیمت ایک کروڑ 9 ہزار 50 روپے بنتی ہے،رپورٹ

منگل 14 جولائی 2020 15:25

پی ایس ایل ٹکٹوں کی واپسی کی مد میں شائقین کو ایک کروڑ روپے لوٹا دئیے گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں بارش سے متاثرہ اور کورونا وائرس کی وجہ سے بغیر کراؤڈ کے ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کے ری فنڈ کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔پی ایس ایل ٹکٹوں کے ری فنڈ کے پہلے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شائقین کرکٹ کے ایک کروڑ روپے لوٹا دئیے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے میچز کے ٹکٹ ری فنڈ کیلئے دو مراحل کا اعلان کیا تھا، ایک روز قبل پہلا مرحلہ شروع ہوا جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے بغیر کراوڈ کے منعقد ہونے والے 5 میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے نہ ہونے والے میچ کے ٹکٹ ری فنڈ کیے گئے۔

پہلے روز مجموعی طور پر 9 ہزار 181 ٹکٹ واپس ہوئے اور ان ٹکٹوں کی مجموعی قیمت ایک کروڑ 9 ہزار 50 روپے بنتی ہے۔پی سی بی کے اعلان کے مطابق ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا مرحلہ پانچ اگست تک جاری رہے گا اور دوسرے مرحلے کا آغاز چھ اگست سے ہوگا، دوسرے مرحلے میں ملتوی ہونے والے پلے آفس اور فائنل کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کیا جائیگا۔
وقت اشاعت : 14/07/2020 - 15:25:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :