قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا

سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی،دیگر دونوں وینیوز پر کھیلے جانے والے میچز ڈرا ہوگئے

منگل 20 اکتوبر 2020 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ابرار احمد کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سنٹرل پنجاب کو تین وکٹوں سے ہرادیا۔ میچ کے آخری روز سندھ کی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 59 رنز درکار تھے جو انہوں نے بآسانی پہلے سیشن میں ہی بنالیے۔ سندھ نے اپنی دوسری اننگز میں 102 رنز کا مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پہلی اننگز میں 73 رنز بنانے والے سعد خان دوسری اننگز میں بھی 39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 161 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوئی، 18 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 119 رنز بنائے۔ سندھ کے اسپنر ابرار احمد نے میچ میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا۔

میچ کے آخری روز کے پی نے 67 رنز کی سبقت سے شروع کرنے والی اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ بلوچستان کو جیت کے لیے 40 اوورز میں 280 رنز کا ہدف ملا تاہم انہوں نے 26 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز ہی بنائے تھے کہ دونوں کپتانوں کی رضامندی سے میچ کو مقررہ وقت سے قبل ہی بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔ اس سے قبل کے پی نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے، جواب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ 83 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز ہی بناسکی تھی۔

اٴْدھر ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز سدرن پنجاب کے خلاف کاشف اقبال اور نہال منصور کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ناردرن کو شکست سے بچالیا۔ 35 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز پر اننگز ڈکلیئر کی تو ناردرن کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف ملا۔

ناردرن کی آدھی ٹیم 61 رنز پر پویلین واپس لوٹی تھی کہ کاشف اقبال اور نہال منصور نے چھٹی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کرمیچ کو ڈرا کرنے میں اہم کردارادا کیا۔ میچ کے اختتام پر ناردرن نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے تھے۔ سدرن پنجاب کے علی عثمان اور ناردرن کے رضا حسن نے میچ میں دس، دس وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 20/10/2020 - 23:21:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :