وسیم اکرم پشاور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل شکستہ

ان سے لڑیں گے جو پاکستان کی ساکھ کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 اکتوبر 2020 15:14

وسیم اکرم پشاور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل شکستہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28اکتوبر 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وہ دل شکستہ ہیں۔ 54 سالہ سلطان آف سوئنگ نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ٹویٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ’’ پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر میرا دل شکستہ ہے، میری دعائیں ان تمام سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس افسوس ناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا یا جن کے عزیز زخمی ہوئے، میں پشاور کے لوگوں اور اپنی غمزدہ پاکستانی قوم سے بھی دلی تعزیت کرتا ہوں ،ہمارے ملک میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں، ہم ان لوگوں سے ہمیشہ لڑتے رہیں گے جو پاکستان کی ساکھ کو عالمی سطح پر تباہ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں‘‘۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ منگل کے روز پشاور کے علاقے دیرکالونی میں دھماکے سے 7 افراد شہید اور70 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں زیادہ تعدد بچوں کی ہے ، جن کی عمریں 11 سے17 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکہ بچوں کے مدرسے کے قریب ہوا ، جہاں 100سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ دھماکے سے قبل مدرسے میں ایک مشکوک شخص بھاری بیگ لے کر داخل ہوا جس کی تلاش جاری ہے۔

وزیراعظم سمیت ملک کی تمام سیاسی قیادت نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کو آرمی پبلک سکول کے بعد دوسرا بڑا سانحہ قرار دے دیا ، صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا واقعہ اے پی ایس کے بعد دوسرا بڑا سانحہ ہے ، علاقے میں کافی عرصے سے امن تھا اور سکیورٹی بھی بہتر تھی ، دہشت گرد اپنے مقاصد کیلئے سافٹ ٹارگٹ دیکھتے ہیں ، بچے اور مدرسے دہشت گردوں کا سافٹ ٹارگٹ تھے ، کیوں کہ دہشت گردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے ، ہم اس دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، دہشت گردی کی اطلاعات تھیں ، کیوں کہ نیکٹا کی طرف سے کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی تھریٹ الرٹ تھا ، جس کی بنا پر علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی ، تاہم ہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی ہے۔

وقت اشاعت : 28/10/2020 - 15:14:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :