ایک ٹیم کیخلاف زیادہ کامیابیاں، پاکستان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 16 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

گرین شرٹس نے 1000 وکٹیں مکمل کرنے والی پہلی سائیڈ بننے کے ساتھ ساتھ زمیابوے کیخلاف مسلسل 15واں میچ جیتا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 23 اپریل 2021 12:23

ایک ٹیم کیخلاف زیادہ کامیابیاں، پاکستان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 16 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اپریل 2021ء ) کسی ایک ٹیم کیخلاف زیادہ ٹی ٹونٹی کامیابیوں میں پاکستان سب کو پیچھے چھوڑ گیا۔ زمبابوے سے پہلے میچ میں فتح کے ساتھ پاکستان نے کسی ایک ٹیم کیخلاف زیادہ کامیابیوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا،گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو مسلسل 15ویں میچ میں ہرایا، یہ کسی بھی ٹیم کی ایک ہی ملک کیخلاف فتوحات کا ریکارڈ ہے،اس سے قبل افغانستان نے آئرلینڈ کو 14بار زیر کیا لیکن اسے 4 مرتبہ ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف 24 میچز میں 14فتوحات حاصل کی ہیں، سری لنکا کو 21 میچز میں 13 اور آسٹریلیا کو 23 میں 12مرتبہ ہرایا، آسٹریلیا نے بھارت کے مقابل 13 جبکہ بھارت نے آسٹریلیا اور سری لنکا کیخلاف اتنی ہی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 12، جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 11،11 بار ہرایا ہے، نیوزی لینڈ نے پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کیخلاف 10،10 کامیابیاں حاصل کیں ۔

یاد رہے کہ مجموعی طور پر گرین شرٹس فتوحات کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ٹیم ہیں،یہ سنگ میل دورئہ جنوبی افریقہ میں عبور ہوا تھا۔ ان فتوحات میں پاکستانی بولرز کا کردار اہم رہا، گرین شرٹس ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 1000 شکار مکمل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئے ہیں، قومی ٹیم نے یہ سنگ میل بدھ کو ہرارے میں اپنا 168واں میچ کھیلتے ہوئے عبور کیا،دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے بولرز نے 145میچز میں 855 وکٹیں اڑائی ہیں، آسٹریلوی ٹیم نے 136مقابلوں میں 829 بیٹسمین پویلین بھیجے، بھارتی بولرز 827 اور جنوبی افریقی بائولرز 810 وکٹیں لے چکے ہیں، کامیاب ترین قومی بائولرز کی فہرست میں شاہد آفریدی97 جبکہ سعید اجمل اور عمر گل 85،85 شکار کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 23/04/2021 - 12:23:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :