قومی نیٹ بال چمپئن شپ 27 جون سے اسلام آباد میں کھیلی جائے گی

چمپئن شپ کا افتتاح پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل کرنل(ر) محمد آصف زمان کریں گے

ہفتہ 19 جون 2021 16:11

قومی نیٹ بال چمپئن شپ 27 جون سے اسلام آباد میں کھیلی جائے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی نیٹ بال چمپئن شپ 27جون سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، چمپئن شپ کا افتتاح پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل کرنل(ر) محمد آصف زمان کریں گے، چمپئن شپ میں پاکستان واپڈ کی مرد اور خواتین ٹیمیں دونوں ایونٹس میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد وں اور خواتین کی سولہ ، سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان ایئرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، پاک بورڈز، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، فاٹا، آزادجموں و کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں،چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے تربیتی کیمپ اپنے، اپنے علاقوںمیں جاری ہیں اور تربیتی کیمپوں میں کھلاڑی بھر پور محنت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس 26 جون کو ہوگا جس میں چمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ ،ساتھ چمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چمپئن شپ کے سیمی فائنل 29 جون جبکہ فائنل 30 جون کو کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی نیٹ بال چمپئن شپ 26 جون کو کھیلی جائے گی جس میں پنجاب، بلوچستان، سندھ اورخیبرپختونخوا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔واضح رہے کہ یہ چمپئن شپ دو بار ملتوی ہو چکی ہے 6 سی9 اپریل تک اور 18 جون سے 21 جون تک اسلام آباد میں کھیلی جانی تھی تاہم ملک میں کرونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے باعث چمپئن شپ کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 19/06/2021 - 16:11:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :