کینگروز کا دورہ پاکستان سے ممکنہ انکار پی ایس ایل وقت پر کرانے کی راہ ہموار کردے گا

آسٹریلوی ٹیم اگر اگلے سال فروری ،مارچ میں شیڈول دورے پر نہ آئی تو ایونٹ اصل شیڈول پر ہی منعقد ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 ستمبر 2021 11:36

کینگروز کا دورہ پاکستان سے ممکنہ انکار پی ایس ایل وقت پر کرانے کی راہ ہموار کردے گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2021ء ) کینگروز کا دورہ پاکستان سے انکار پی ایس ایل وقت پر کرانے کی راہ ہموار کردے گا۔ پاکستان سپر لیگ کی جنرل کونسل کا 24 واں اجلاس گذشتہ روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی صدارت میں منعقد ہوا، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے نمائندے موجود تھے جبکہ دیگر فرنچائزز کے حکام نے ویڈیو لنک سے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں پی ایس ایل 7 قبل ازوقت کرانے کا فیصلہ تبدیل کیے جانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، آسٹریلوی ٹیم کو 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز کیلئے فروری، مارچ 2022ء میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔ کینگروز سے 24 سال بعد ہوم سیریز کے پیش نظر پی سی بی نے پی ایس ایل کے روایتی شیڈول کی قربانی دینے کا فیصلہ کیا تھا، پی ایس ایل 7 اب قبل ازوقت جنوری، فروی میں کروائی جانی ہے، مگر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے منسوخ ہونے پر کینگروز کے انکار کا خدشہ رد نہیں کیا جا سکتا، ایسا ہونے کی صورت میں پی ایس ایل گذشتہ ایڈیشنز کی طرح فروری میں ہی شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان کرکٹ کی ترقی میں فرنچائزز کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے پی ایس ایل کے برانڈ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اگلا اجلاس پیرکو منعقد ہوگا۔
وقت اشاعت : 25/09/2021 - 11:36:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :