قومی ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا :کامران اکمل

محمد رضوان بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے، انہیں ہر فارمیٹ میں موقع دیں، متبادل بھی تیارکرنا بہتر ہوگا : وکٹ کیپر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 جنوری 2022 13:05

قومی ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا :کامران اکمل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2022ء ) وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے پاکستان ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا۔ ایک انٹرویو میں 40 سالہ کامران اکمل نے کہا کہ میں اب ملک کی نمائندگی کا نہیں سوچ رہا، محمد رضوان نمبر ون وکٹ کیپر بیٹر اور بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے ہیں، انھیں ہر فارمیٹ میں بھرپور موقع دیا جائے اور ساتھ ہی متبادل بھی تیارکرنا بہتر ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ابھی میری ریٹائرمنٹ کا وقت نہیں آیا، جب محسوس کیا کہ پہلے جیسی فٹنس اور فارم نہیں رہی تو محمد حفیظ کی طرح پی سی بی کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کروں گا، ابھی 2، 3 سال تک مزید کھیلنے کی خواہش ہے۔ پی ایس ایل ڈرافٹ کی سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے بعد پہلے انکار اور پھر اقرار کرنے کے سوال پر تجربہ کار وکٹ کیپر نے واضح کیا کہ پشاورزلمی نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا، اب بھی اسی جذبے اور محنت سے کھیلوں گا، 6 سال میں ایک فائنل جیتنا اور4 فائنل کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا کمبی نیشن زبردست ہے، وہاب ریاض بڑے اچھے طریقے سے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، انضمام الحق کے صدر بننے سے نوجوان بیٹرز کو زیادہ فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل میں زیادہ پیسہ دیں گے تو غیرملکی کھلاڑی بھی کھیلنے کو ترجیح دیں گے، اگر پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سیریز بحال ہوئی تو اس سے مجموعی طورپر کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا کھلاڑیوں کو ایوارڈ دینا خوش آئند ہے، فواد عالم ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے مستحق تھے۔
وقت اشاعت : 17/01/2022 - 13:05:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :