شادی کرنا خوشدل شاہ کیلئے خوش قسمتی کا باعث بنا : محمد رضوان

خوشدل کا سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، وہ بیٹنگ، فیلڈنگ اور اب بولنگ میں بھی پرفارم کر رہا ہے: کپتان ملتان سلطانز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 فروری 2022 17:03

شادی کرنا خوشدل شاہ کیلئے خوش قسمتی کا باعث بنا : محمد رضوان
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 فروری 2022ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیے جانے پر بہت سے لوگوں کی جانب سے تضحیک کے بعد خوشدل شاہ پی ایس ایل 7 میں میں اپنی قابلیت ثابت کر رہے ہیں۔ ملتان سلطانز اس وقت لگاتار چار فتوحات کے ساتھ پی ایس ایل ٹیبل پر سرفہرست ہے، اس نے گزشتہ رات اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے جس میں خوشدل شاہ نے 4 وکٹیں لیکر اہم کردار ادا کیا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 35 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیکر خوشدل شاہ اپنے ساتھی کھلاڑی عمران طاہر سے آگے نکل کر پی ایس ایل 7 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل خوشدل نے گلیڈی ایٹرز کے خلاف 16 رنز دیکر 3، لاہور قلندرز کیخلاف 14 رنز کے عوض ایک اور کراچی کنگز کے خلاف 8 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ خوشدل نے قلندرز کے خلاف ملتان کی جیت میں بھی اہم کردار ادا کیا جہاں انہوں نے حارث رؤف کی صرف چار گیندوں پر ناقابل شکست 18 رنز بنا کر فتح پر مہر ثبت کی۔

انہوں نے آخری اوور میں مطلوبہ 16 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 3 چوکے اور چھکا لگایا ۔ خوشدل شاہ کی اچھی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید اس کی وجہ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کی حال ہی میں شادی ہونا ہے۔ اسلام آباد کیخلاف 20 رنز کی کامیابی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ شادی کرنا خوشدل کے لیے خوش قسمتی کا باعث بنا ہے، اس کے لیے سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، وہ بیٹنگ، فیلڈنگ اور اب بولنگ میں بھی پرفارم کر رہا ہے۔
وقت اشاعت : 02/02/2022 - 17:03:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :