راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ پر ہونیوالی تنقید کے بعد حامد میر بھی میدان میں آگئے

ایک فاسٹ بائولر وزیراعظم کے دور میں ڈیڈ وکٹوں پر ٹیسٹ میچ کرائے جا رہے ہیں ،کیا ڈیڈ وکٹ بنانے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ شکست سے ڈرتے ہیں ؟ یہ دھاندلی نہیں تو کیا ہے؟: سینئر صحافی کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 مارچ 2022 21:24

راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ پر ہونیوالی تنقید کے بعد حامد میر بھی میدان میں آگئے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مارچ 2022ء ) آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میچ کے لیے راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ ڈیڈ ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی اور اب اس بارے میں سینئر صحافی اور تجزیہ نگار حامد میر کا موقف بھی آگیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر حامد میر نے لکھا کہ ’’ ایک فاسٹ بائولر اور کرکٹر وزیراعظم کے دور میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان آئی تو جاندار وکٹوں کی بجائے ڈیڈ وکٹوں پر ٹیسٹ میچ کرائے جا رہے ہیں ، ایمپائر تو نیوٹرل ہے، آؤٹ کو آؤٹ ہی کہے گا لیکن کیا ڈیڈ وکٹ بنانے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ شکست سے ڈرتے ہیں ؟ یہ دھاندلی نہیں تو کیا ہے؟‘‘۔

حامد میر دراصل سینئر صحافی اویس توحید کی اس ٹویٹ پر ردعمل دے رہے تھے جس میں ان کا کہنا تھا کہ " ایسی مردار وکٹ اور بے جان کرکٹ سے ڈرا میچ کھیلنے سے جاندار وکٹ پر شکست کی قبولیت اچھی ہے"۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیدیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 5 روزکے دوران پچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ پچ میں باوًنس اورپیس نہ ہونے کے برابرتھا جبکہ سیمرز اور سپن بالرز کو سپورٹ نہیں ملی۔ آئی سی سی نے پچ سے متعلق رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ارسال کر دی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 479 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کردی، جواب میں آسٹریلیا نے 456 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 252 رنز سکور کئے۔
وقت اشاعت : 12/03/2022 - 21:24:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :