تینوں فارمیٹس میں نمبر ایک بلے باز بننا خواب ہے : بابر اعظم

اگر آپ تینوں فارمیٹس میں نمبر 1 بننا چاہتے ہیں تو خود کو فٹ رکھنا ہوگا، اب بیک ٹو بیک کرکٹ ہوتی ہے ، اس کیلئے آپ کو اضافی فٹ ہونے کی ضرورت ہے: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 جون 2022 15:04

تینوں فارمیٹس میں نمبر ایک بلے باز بننا خواب ہے : بابر اعظم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 جون 2022ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹس میں نمبر 1 رینکنگ بلے باز بننا ان کا خواب ہے ۔ تجربہ کار ہندوستانی بلے باز کارتک آئی سی سی ریویو پر بات کر رہے تھے جب انہوں نے کہا کہ بابر اعظم جلد ہی تینوں فارمیٹس میں نمبر 1 بلے باز بن سکتے ہیں ۔ بابر اعظم فی الحال ون ڈے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ ٹیسٹ رینکگ میں وہ مارنس لبسشین، سٹیو سمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ کے بعد 5 ویں نمبر پر براجمان ہیں ۔

بابر اعظم نے کہا کہ بحیثیت کھلاڑی تمام فارمیٹس میں نمبر 1 بننا ایک خواب ہے اور اس کیلئے آپ کو توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور سخت محنت کرنا ہوگی۔ ایسا نہیں ہے کہ اگر آپ ایک یا دو فارمیٹس میں سرفہرست کھلاڑی ہیں تو آپ آسانی سے تیسرے فارمیٹ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر آپ تینوں فارمیٹس میں نمبر 1 بننا چاہتے ہیں تو آپ کو خود کو فٹ اور ٹریک پر رکھنا ہوگا۔

اب بیک ٹو بیک کرکٹ کھیلی جاتی ہے اور گیپ کم ہوتا ہے، اس کے لیے آپ کو اضافی فٹ ہونے کی ضرورت ہے ،یہ وہ چیز ہے جس کی میں تیاری کر رہا ہوں، یہ وائٹ بال میں اچھا چل رہا ہے اور امید ہے کہ میں ٹیسٹ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکوں گا۔ بابر اعظم 8، 10 اور 12 جون کو کھیلی جانے والی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز سے پہلے میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ویسٹ انڈیز کے کیمپ میں کورونا پھیلنے کی وجہ سے تین ون ڈے گزشتہ دسمبر میں ملتوی کردیئے گئے تھے۔ پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 2-1 سے ون ڈے سیریز جیت کر اپنی مضبوط وائٹ بال فارم کو جاری رکھا۔ بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری کے ساتھ سٹار بلے باز تھے کیونکہ ان کی اوسط 142.5 تھی اور انہوں نے 116.8 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ بطور ایک ٹیم اور کپتان آپ سیریز میں کلین سویپ کے بارے میں سوچتے ہیں چاہے مخالف کوئی بھی ہو۔ شدید گرمی سے بچنے کے لیے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے میچز ملتان میں مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔ تین ون ڈے سپر لیگ کا حصہ ہیں جس میں دونوں ٹیمیں اہم پوائنٹس کا تعاقب کرتے ہوئے ٹاپ 8 میں جگہ حاصل کرنے کی صورت میں خود بخود کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے لیے کوالیفائی کرلیں گی ، اس وقت ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے اور پاکستان دسویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 03/06/2022 - 15:04:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :