اسد شفیق نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 10 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 دسمبر 2023 11:36

اسد شفیق نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 دسمبر 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دائیں ہاتھ کے بیٹر اسد شفیق نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ اسد شفیق کا کہنا ہے کہ وہ پیٹرن ٹرافی میں مزید تین میچز کھیلنے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ اتوار کو کراچی وائٹس نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں ایبٹ آباد کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ آج میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں، پیٹرنز ٹرافی کے تین میچز کھیلنے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوجاؤں گا۔ اسد شفیق کا کہنا تھا کہ اب میں وہ جوش محسوس نہیں کررہا تھا جو شروع میں تھا، پورے کیرئیر میں جن لوگوں نے سپورٹ کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی میں شمولیت کی پیشکش کی ہے،خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں ہوں کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

اسد شفیق نے مزید کہا کہ 2010ء سپاٹ فکسنگ کے واقعے کے بعد کافی مشکل تھا، عوام کا اعتماد بحال کرنا اہم تھا، کسی کیلئے بھی ملک کی نمائندگی کرنا بہت اعزاز کی بات ہے، مجھ پر ریٹائرمنٹ کیلئے کوئی دباؤ نہیں تھا، یہ میرا اپنا فیصلہ ہے، مجھے فیصلے کیلئے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے محبت ہے مگر عمر بڑھنے کے ساتھ جوش ختم ہوتا ہے،جب ٹیسٹ کے نمبر ون بنے وہ یادگار ترین لمحہ تھا، ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنا بھی یادگار تھا، کوئی ایسا لمحہ نہیں جس کو کہوں کہ مایوس کن رہا ہو۔

پریس کانفرنس کے دوران اپنی گفتگو میں اسد شفیق نے مزید کہا کہ یہ سیزن شروع ہونے سے قبل فیصلہ کرلیا تھا کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا،ابھی نئی ذمہ داری کا معاہدہ سائن نہیں کیا، سلیکشن کا پراسیس سمجھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے ڈراپ کیا گیا تو کہا گیا تھا کہ فارم نہیں، ڈومیسٹک میں رنز کریں اور کم بیک کریں،کس پلیئر کو کتنا موقع ملتا ہے یہ سلیکٹرز اور بورڈز کے اعتماد کی بات ہے، مصباح الحق میرے لئے سب سے بہترین کپتان رہے، مصباح نے نوجوان ٹیم کو نمبر ون پوزیشن دلوائی۔

اسد شفیق نے کہا کہ میرا فوکس ہمیشہ ٹیسٹ کرکٹ رہا اس لیے ٹی ٹونٹی پر زیادہ فوکس نہیں رہا ، ایڈیلیڈ ٹیسٹ ہمیشہ یاد رہے گا، اگر جیت جاتے تو اور بھی اچھا ہوجاتا، جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنا بھی میرے لیے فخر کی بات ہے۔ اسد شفیق کی جانب سے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اسد شفیق نے 191 فرسٹ کلاس میچز میں 12042 جبکہ 162 لسٹ اے میچز میں 5784 رنز بنائے۔

دائیں ہاتھ کے بیٹر نے مجموعی ٹی ٹونٹی میچز میں 127 میچز کھیل کر 2698 رنز اسکور کیے۔ واضح رہے کہ اسد شفیق نے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔2010 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے اسد شفیق نے پاکستان کی جانب سے 77 ٹیسٹ، 60 ایک روزہ میچز اور 10 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ میچز میں 38.19 کی اوسط سے 4660 رنز سکور کیے جس میں 12 سنچریاں شامل تھیں۔ اسد شفیق نے ایک روزہ میچز میں 1336 رنز اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 192 رنز سکور کیے۔
وقت اشاعت : 11/12/2023 - 11:36:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :