رمیز راجہ کا حنین شاہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ چھوڑنے کا مشورہ

تینوں بھائی ایک فرنچائز کیلئے کھیلیں گے تو انہیں بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں ملے گا : رمیز راجا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 مارچ 2024 12:15

رمیز راجہ کا حنین شاہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ چھوڑنے کا مشورہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 مارچ 2024ء ) پاکستان کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ چاہتے ہیں کہ ابھرتے ہوئے تیز گیند باز حنین شاہ جو نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی ہیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بجائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کسی اور فرنچائز کے لیے کھیلیں۔ تینوں بھائی نسیم، حنین، عبید یونائیٹڈ کے پی ایس ایل 9 اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران پی سی بی کے سابق چیئرمین نے کہا کہ حنین کے لیے بہتر ہے کہ وہ نسیم کے سائے سے نکل جائیں۔ رمیز راجا کا کہنا تھا کہ "حنین کے لیے کسی اور فرنچائز کے لیے کھیلنا اچھا ہے ،نسیم شاہ خاندان کیلئے ایک ستون ہے ، اگر تینوں ایک فرنچائز کیلئے کھیلیں گے تو اسپون فیڈنگ کی وجہ سے انہیں بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں ملے گا، اگر آپکا بھائی اچھا کررہا ہے تو آپ پر پریشر آئے گا جو آپکی کارکردگی متاثر کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ "آپ خوفزدہ رہتے ہیں کہ آپ اپنے بھائی کی طرح اچھے نہیں ہوں گے، اس کے لیے بہتر ہے کہ وہ بالکل پر سکون محسوس کریں اور نسیم کے سائے کے بغیر بہتر پرفارمنس دیں۔" حنین شاہ کا پی ایس ایل 9 اب تک اچھا رہا ہے۔ چھ میچوں میں انہوں نے 8.63 کے اکانومی ریٹ سے 6 وکٹیں لی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ اور انکے دونوں بھائی (حنین، عبید) پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے کھیل رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 08/03/2024 - 12:15:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :