پی ایس ایل 9، لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف

عبداللہ شفیق اور شاہین آفریدی کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 10 مارچ 2024 20:46

پی ایس ایل 9، لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مارچ 2024ء ) پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 28 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 166 رنز بنائے۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 34 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، اُن کی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔ عبداللہ شفیق نے 39 گیندوں پر 59 رنز بنائے، وہ ناقابل شکست رہے، انہوں نے دوران بیٹنگ 2 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5، صاحبزادہ فرحان 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 2، محمد عامر اور محمد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے کوئٹہ کیلئے آج کا میچ جیتنا اہم ہوگا کیونکہ چوتھی پوزیشن کیلئے کراچی کنگز بھی میدان میں موجود ہے جس کا ابھی ایک میچ رہ گیا ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے تاہم آج کا میچ ملاکر کوئٹہ کے دو میچ باقی ہیں۔

لاہور قلندرز پر آج کے میچ کا کوئی دباؤ نہیں اور وہ صرف پی ایس ایل 9 کو خوش اسلوبی کے ساتھ ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔ اعزاز کے دفاع میں ناکام لاہور قلندرز 9 میچز میں سے 7 میں شکست کھا چکی ہے۔ لاہور قلندرز محض ایک کامیابی اور ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب 3 پوائنٹس کے ساتھ ایلیمنٹری راؤنڈ کی دوڑ سے الگ ہو کر چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، ریلی روسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لاری ایونز ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد عامر، ابرار احمد سہیل خان پر مشتمل ہے جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، شائی ہوپ، شاہین آفریدی (کپتان)، سکندر رضا، ڈیوڈ ویز، جارج لنڈے، جہانداد خان، زمان خان، طیب عباس شامل ہیں۔

وقت اشاعت : 10/03/2024 - 20:46:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :