اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیت لی، سیزن نائن میں ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست

منگل 19 مارچ 2024 02:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیت لی، سیزن نائن میں ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے اسٹیڈیم میں آکر میچ دیکھا اور بہترین کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔عماد وسیم کو بہترین کارکردگی پر پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پی ایس ایل سیزن نائن کی ٹرافی اٹھاکر جشن منایا اور شائقین کرکٹ کے نعروں کا جواب دیا۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پیر کی شب ملتان سلطانز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو ایک وکٹ سے شکست دیکر تیسری مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی جیت لی۔

(جاری ہے)

160 رنز کا مطلوبہ ہدف یونائیٹڈ نے آخری گیند پر چوکا لگاکرحاصل کیا۔عماد نے 5اور شاداب نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ مارٹن گپٹل اوراعظم خان کی تیسری وکٹ کی شراکت میں47رنز کی شراکت قائم کی۔جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ میچ جیتنے کی جانب گامزن ہوگئی۔ گپٹل نے 32 گیندوں پر 3 چھکے اور4 چوکوں کی مدد سے 50 رنزبنائے اور وہ رن آئوٹ ہوکر پویلین لوٹے۔اعظم خان22 گیندوں پر ایک چھکا اور4 چوکوں کی مدد سے 30رنز بناکراسامہ میر کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لئے آخری12 گیندوں پر19 رنز درکار تھے، اس موقع پر عمادوسیم اورنسیم شاہ نے دلیری سے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 160 رنز کا ہدف حاصل کیا۔عماد نے17 گیندوں پر2 چوکوں کی مدد سے 19 رنز ناٹ آئوٹ بنائے جبکہ حنین شاہ نے آخری گیند پر چوکا لگایا اور آئوٹ نہیں ہوئے۔کولن مینرو17، سلمان آغا10،شاداب خان4،حیدرعلی5اور فہیم اشرف ایک رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

سلطانزکے خوشدل شاہ اور افتخاراحمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ڈیوڈ ولی، محمدعلی اوراسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اسلام آباد کے بولرز عماد وسیم اورشاداب خان میچ میں چھاگئے اور ملتان سلطانز ٹیم کو ایک بڑے اسکورکی جانب جانے سے روک دیا، ملتان سلطانز نے 20اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159رنز بنائے اور یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لئے 160 رنز کا ہدف دیا۔

ملتان سلطانز نے اپنی اننگز کی ابتدا متاثرکن نہیں کی اور شروع کے دو اوورز میں ہی انہیں دو وکٹوں کا نقصان اٹھاناپڑا۔1.3اوورز میں8 رنز پراوپنریاسرخان اور1.6 اوورز میں14 رنز پرڈیوڈ ولی آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔جس کے بعد وکٹ کیپرکپتان محمد رضوان اور عثمان خان نے اپنی اننگز کو آگے بڑھایااور اسکور کو 67 رنز تک پہنچایا لیکن اس موقع پر بابراعظم 26 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنزبناکر شاداب خان کی گیند پر مارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں بابر اورعثمان کے درمیان53 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔سلطانز کی چوتھی وکٹ 85رنز پر جانسن چارلس کی گری،انہوں نے صرف4 رنزبنائے۔عثمان اور خوشدل کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے 29 رنز بنے۔ اس موقع پر عثمان خان ایک اچھی اننگز کھیلنے کے بعد بائونڈری لائن پر کیچ ہوگئے، انہوں نے 40 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور وہ شاداب کی گیند پر بلکل بائونڈری لائن پر متبادل فیلڈر جے ایم کوکس کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

افتخار احمد نے ملتان سلطانز کے مجموعی اسکور کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔ اسامہ میر6، خوشدل شاہ11، کرس جارڈن صفراورعباس آفریدی ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔یونائیٹڈ کے بولر عمادوسیم نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں23رنز دیکر5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے 4 اوورز میں 32رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

میچ کے آغاز سے پہلے ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کوآتش بازی کے درمیان ریڈ کارپیٹ پر سے گذارا گیا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں رکھی گئی پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کے برابر سے گذر کرصف بنائی، اس موقع پر قومی ترانہ کی دھن بھی بجائی گئی۔اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ سمیت تمام لوگوں نے قومی ترانہ کو احتراما کھڑے ہوکرسنا۔
وقت اشاعت : 19/03/2024 - 02:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :