پی ایس ایل سیزن نائن،کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا

منگل 19 مارچ 2024 17:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)سیزن نائن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ سیزن نائن کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں گذشتہ روزاسلام آبادیونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ کے بعد تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ فائنل کے پلیئر آف دی میچ اسلام آباد کے عماد وسیم قرار پائے،پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو دیا گیا،ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی قرار پائے،ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر کا ایوارڈ ملتان سلطانز کے عثمان خان نے جیتا، بہترین بولر ملتان سلطانز کے اسامہ میر قرار پائے،بہترین فیلڈر کا ایوارڈ عرفان خان نیازی کو ملا، سپر آل رائونڈر پشاور زلمی کے صائم ایوب قرار پائے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ اسلام آباد کے اعظم خان نے جیتا،سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسامہ میر نے فضل محمود کیپ اپنے نام کی ۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ رنز بنانے پر بابر اعظم نے حنیف محمد کیپ جیتی۔اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ پشاور زلمی کے نام رہا، بہترین امپائر کا ایوارڈ آصف یعقوب نے اپنے نام کیا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ملتان کے 160رنز کا ہدف یونائیٹڈ نے 8وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا اور 2وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے تیسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔
وقت اشاعت : 19/03/2024 - 17:11:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :