سپورٹس ایڈوائزری کونسل کا قیام اور پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیدی

سابق کھلاڑی، طلباء ایڈوائزر ی کونسل کے ممبر ہونگے، ٹریننگ کیلئے ملکی،غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت،91 ملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈز بنانے پر اتفاق

جمعہ 22 مارچ 2024 17:13

سپورٹس ایڈوائزری کونسل کا قیام اور پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپورٹس ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سابق کھلاڑی اور طلباء ممبر ہونگے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کا فیصلہ بھی کیا اور کھیلوں کے فروغ، ٹریننگ کے لئے ملکی وغیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں 91 حلقوں میں ملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں پلاننگ اور دیگر ڈویلپمنٹ امور کے لئے سپیشل پلاننگ یونٹ بنے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گھوسٹ ملازمین کی شناخت کیلئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں بائیو میٹرک حاضری کی پابندی کو یقین بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیر کھیل اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کھیلوں سے بہت لگاؤ ہے، زمانہ طالب علمی میں بیس بال ٹیم کی کپتان تھی۔ کھیلوں کی بحالی چاہتی ہوں اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کے پاس مواقع کی کمی ہے اور نشہ کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ نوجوان طبقے کے لئے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو فوری طور بحال کیا جائے۔

ہاکی کے مقابلے کروائے جائیں، ہمارا قومی کھیل ہے۔ اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف سپورٹس سائنسز پنجاب کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔مریم نواز شریف نے باسکٹ بال کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ 2 ارب روپے سے قائم کیے گئے فنڈ کیلئے مزید 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سپورٹس سہولیات کی حفاظت کیلئے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے جتنے پیسے چاہیے ہیں ملیں گے۔

صوبائی مشیر پرویز رشید نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے پاس جگہ کم تھی، گراؤنڈ نہ ہونے سے سکولوں سے کھیل ختم ہو گئے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یو سی لیول پر بچوں کو کھیلوں کی سہولت ملنی چاہئے۔سیکرٹری سپورٹس نے محکمہ کی ورکنگ سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی ری ویمپنگ مکمل، جلد افتتاح ہوگا۔ موسم گرما کی چھٹیوں میں بچوں کیلئے سپورٹس کیمپس لگائے جائیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سابق سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹری سپورٹس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 22/03/2024 - 17:13:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :