عمران نواز زرداری THREE BIGS

جمعرات 4 مارچ 2021

Amjad Mahmood Chishti

امجد محمود چشتی

اک دور تھا جب بین الاقوامی سیاست میں ”تھری بگز“ کی طوطیاں بولتی تھیں۔ہمارے ہاں بھی تھری ِبگز ہیں جن کی نہ صرف طوطیاں بولتی ہیں بلکہ دوسروں کے طوطے اڑانے میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔حروف کو دیکھیں تو ثا بت ہوگا کہ جہاں عمران مکمل ہوتا ہے اس ” ن“ سے نواز شروع ہوتا ہے اور جس ” ز“ پہ نواز کی تکمیل ہے اسی ”ز“ سے زرداری کا آغاز ہے۔

اسی لیے زرداری سب پہ بھاری کی کہاوت مشہور ہے۔ شک نہیں کہ جو مقام ،حمایت اور شہرت عمران خان کو ملی کسی اور کے حصے میں نہ آسکی پر تکبر،عدم تدبر اور نا تجربہ کاری سے اس رتبے کو سنبھال نہ پائے۔اچھے لوگوں کی موجودگی میں نا اہل وزراء کا تعین اور اپنے تمام وعدوں اور دعووں سے انحراف ناکامی کے موجب بنے۔ دوسری طرف جو زوال اور بحران نواز شریف پہ منڈلائے ،ان کو بھگتنا عام آدمی کا کام کہاں؟۔

(جاری ہے)

سیاسی نظام میں بری طرح پِٹ جانے کے باوجود اپنے بیانئیے کو چلادکھایا اور ضمنی انتخابات میں اپنا وجود ثابت کیا ۔۔ عمران تجاہلِ عمرانہ ،تہلکہ،ہلچل،سونامی اور تبدیلی کے علم بردار ہیں۔مگر یاد رہے جہاں عمران ختم ہوتا ہے وہیں سے نواز شروع ہوتا ہے جو دریائے سیاست کا مشتاُق غوطہ زن ہے۔ شاہراہوں کے اتنے جال پھیلا چکے کہ کسی اور کے پھیلائے جالوں سے ہرگز خائف نہیں ۔

بڑی بڑی پلوں کے تجربات اورآشنائی سے پل صراط کا کھٹکا بھی جاتا رہا ۔ ہزاروں سڑکیں پائیہ تکمیل کو جا پہنچیں ۔البتہ وہ سڑک ابھی بھی زیر ِتعمیرہے جس پر ایک سابق صدر کو گھسیٹا جانا تھا۔ہمارے سیاسی نظام میں نواز کا اِختتام زرداری کا آغاز ہے جنہوں نے مخالفت اور مفاہمت کو یکجا کرنے کی تھیوری دی ہے۔مشکل حالات میں کھیلنا جانتے ہیں اور ان کے بغیر جمہوریت کو خطرات لاحق رہتے ہیں۔

حالیہ سینیٹ ا لیکشن کا بڑا اپ سیٹ ان کی سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پی ڈی ایم کو غیر آئینی حربوں سے روک کر ایوانوں میں اپنا الو سیدھا کر دکھایا اور ثابت کیا کہ لولی لنگڑی اور چھانگا مانگا جمہوریت بھی بہترین انتقام ہو سکتی ہے ۔مزے کی بات یہ کہ آج تحریک انصاف بھی دوسری جماعتوں والی تمام نا انصافیاں،دھاندلیاں،بد نظمیاں اور بے ظابطگیاں بدرجہ اتم کر چکی ہے اور اس کے پاس بھی کچھ کہنے ،کرنے اور دکھانے کو کچھ نہیں ۔

پہلے دو کرپٹ تھے تو اب تین ہوچکے ہیں ۔خیر خان صاحب کو بھی باری لینے کی بڑی جلدی تھی ۔اگر دوسرے نااہل ،کرپٹ،قرض خور اور ڈنگ ٹپاؤ ہیں تو یہ ان سے کسی لحاظ سے کم نہیں رہے ۔پھر بھی ہمارا سیاسی نظام ان تھری بِگز کے بغیر نا مکمل ہے اور انہی کا سایہ دُور دُور تک صاف دکھائی دے رہا ہے۔کیونکہ قدرت نے ہربڑے کے حصے کے بے شمار بے وقوف جو پیدا کر رکھے ہیں ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :