اے کربلا کی خاک اس احسان کو نہ بھول

جمعرات 6 ستمبر 2018

Ayesha Kamran

عائشہ کامران

مدینہ شہر اہلبیت کیلئے بے سکوں ہو چکا امام حسینؓ اپنے بھائی عباس علمدار کو حکم دے چکے کہ مہمل تیار کرو اونٹوں کو ایک قطار میں لگایا جا چکا۔دروازہ تھوڑا کھلا تھا اور گھر میں ایک شور و شین تھا سفر کی تیاری ہو رہی تھی رات کے 2 -پہر گزر چکے اور تیسرا پہر آنے کو تھا۔ امام حسینؓ دروازے سے اندر اپنی نانی کے کمرے میں داخل ہوئے اور کہنے لگے اماں یزید حکمران ہوا مجھ جیسے کو عبث ہے کہ اُس جیسے کی بیعت کروں اور میں عازم سفر ہوں اماں رات کا تیسرا پہر شروع ہوا چاہتا ہے مہمل تیار ہیں آج رات ہی مجھے اس وعدہ کو پورا کرنے نکلنا ہے جس کا میں نے محمد ﷺ سے وعدہ کیا تھا اماں میرے لئے دعا کرنا یہ سننا تھا کہُ ام سلمہؓ کے گرم گرم آنسوں سے امام حسینؓ کے ہاتھ معطرہو گئے گویا کہ رہی ہوں ۔

کاش !میرے بس میں ہوتا تو میں تیرا دامن پکڑ لیتی تجھے کبھی موت کے سفر پر نہ جانے دیتی ۔

(جاری ہے)

ماں تو پھر ماں ہوتی ہے کاش رسول اعظم ﷺ کا حکم نہ ہوتا تو میں تیری اس ہجرت کو روک دیتی مستورات کو جانے سے روک دیتی ۔میں اپنے ہاتھوں سے تجھ جیسے لال کو قبر کی طرف روانہ نہ کرتی۔ اب آپؓ نے لرزتے ہاتھوں سے امامؓ کے دونوں ہاتھوں کو اپنے ہاتھوں میں لیااورکہنے لگیں بیٹا میری خواہش یہ ہے کہ جہاں دل چاہے چلا جا مگر دیکھ عراق کا سفر نہ کرنا کیوں جو میں نے تمہارے نانا سے بارہا سنا ہے کہ کربلا کی زمین تیرے خون سے تر ہو گی تیری لاش پامال ہو گی۔

اماں مجھے امت کی اصلاح اور دین کی نصرت کے لئے جانا ہو گا کیوں جو کِس طرح ممکن ہے کہ مجھ جیسا اُس جیسے کی بیعت کر لے ؟یہ سب لکھتے ہوئے میری آنکھوں میں وہ منظر تیرنے لگے کہ کس طرح رسول اعظم ﷺ نے مسجد میں اپنا خطبہ قطع کرکے گرتے ہوئے ننھے حسینؓ کو باہوں میں اٹھایا گویا امت کو درس دے رہے ہوں کہ میرے حسینؓ کو اذیت مجھ کو اذیت دینا ہے ۔کس طرح عید کے روز اپنے کندھوں پر سوار کر کے اپنی زلفیں ننھے حسینؓ کے ہاتھوں میں دیکر اپنے اصحاب سے پوچھتے کہ دیکھو ذرا بتاو ! کہ میری سواری کیسی ہے ؟ گویا امت کو درس دے رہے ہوں دیکھو یہ مہرِ نبوت کے سوار کو تم بھی اپنے کندھوں پر سوار رکھنا ایسا نہ ہو میرے بعد یہ کبھی بھاگتے گھوڑے سے منہ کے بل زمین پر آئے کبھی ہل من ناصر کی صدائیں دیتا رہے اسی طرح آپ ﷺ بار بار فرماتے رہے حسینؓ مجھ سے ہے اور میں حسینؓ سے ہوں مگر آج غربت کا یہ عالم !کہ اپنی روتی ہوئی نانی جسے آپ اماں کہ کر پکارتے تھے ۔

کو موت کی نشانی یہ کہ کر دے رہے ہیں ، اماں یہ مٹی ہے یہ شیشی میں اپنے پاس رکھنا اور جب دیکھنا کہ اس مٹی کا رنگ سرخ ہو جائے سمجھ جانا کہ تیرا لال شہید ہو چکا کیا کیا لکھوں ؟محرم کے ایام آنے کو ہیں اسلامی سال کے پہلے مہینے کا پہلا دن مسلمانوں نے اپنے گھروں میں مگر اہل بیت نے جنگلوں میں عازم سفر ہوتے گزارا ابھی 26 رجب کا دن ولید بن عتبہ کو یہ کہتے ہوئے گزرا کہ تو مجھ سے عوام الناس کے سامنے کھلے عام یزید کی بیعت کا تقاضا کر میں تجھے کھلے عام عوام الناس کے سامنے اِسکا جواب دوں گا گویا آنے والے مورخ کے لئے آسانیاں پیدا کر رہے تھے کہ ہر لکھنے والے کو خبر ہو کہ کس شدت سے سوالِ بیعت کیا گیا اور کتنی شدت سے اسکا انکار کیا گیا مسلمان حیران پریشان تھے کہ کہاں معاویہؓ جیسا باپ اور کہاں یزید جیسا بیٹا ؟ بھلا اس میں مسلمانوں کی خلافت کی خوبیاں کہاں ؟ بھلا شراب نوش بندروں سے کھیلنے والا کہاں اور ماضی کے خلافت کے درخشاں ستارے کہاں ؟ اسلام خود پریشان کھڑا دیکھ رہا تھا گویا کہہ رہا ہو !کوئی ہے؟ جو میری اس نام نہاد خلیفہ سے جان بخشی کروائے ایسے میں دین کے وارث اُٹھے اسلام کو تسلی دی ہوگی کہ گھبرا نہیں تو کوئی اتنا لا وارث نہیں ہوا کہ تیری پشت پر یزید جیسا سواری کرے ، نہیں یہ ممکن ہی نہیں ! گھبرا نہیں ۔

ہم اپنے خون سے تیری آبیاری کریں گے ۔
1328اُمِ سلمہؓ نے آگے بڑھ کے امام حسینؓ کو گلے سے لگایا اور کہنے لگیں بیٹا مجھے بھی ساتھ لے چل میں بھی اس کارِ خیر میں شریک ہونا چاہتی ہوں تاریخ طبری کا مورخ لکھتا ہے کہ ایسے میں حسینؓ نے کہااماں یہ ممکن نہیں مگر میں ایک کام کرتا ہوں کہ آپکو مدینہ سے کربلا کی وہ زمین دیکھاتاہوں جہاں ترا لال ذبح ہو گا سر سجدے میں ہو گا شمر پشت پر سوار ہو گا بہنیں خیمے کے دروازے پر کھڑی دُہایاں دے رہی ہوں گی میری بیٹی کبھی ایک خیمے میں کبھی دوسرے خیمے میں کبھی تیسرے خیمے میں ہر کسی کی منتیں کر رہی ہو گی کہ کوئی چھڑاو میرے بابا کو ضربیں لگ رہیں ہیں کوئی بچاو جب 4سالہ سکینہ کا کوئی بس نہ چلے گا پھر وہ میرے قاتل کی منتیں کرے گی ۔

ام سلمہؓ نے مدینہ سے کربلا کے وہ منظر دیکھے حسینؓ جو پہلے ہی ماں کے قدموں میں بیٹھے تھے مگر یہ کیا ہوا ؟ام المومنینؓ کو غش آگیا ضعیفہ بی بی برداشت نہ کر سکیں اور ستائیس رجب کی سیاہ تیرین رات کے اس پہر نے یہ منظر بھی دیکھا کہ حسینؓ کی گود میں لاغر ماں گر چکی اور حسینؓ تسلیاں دے رہے ہیں اماں جاگ دیکھ یہ زینبؓ آگئی دیکھ ام کلثومؓ پانی لائی ہے دیکھ یہ ننھی سکینہ و صغری آپکے پاوں دبا رہی ہیں اب اہل بیت کو سفر کی پریشانی بھول گئی اور سب اُم سلمہؓ کو جگانے میں مصروف ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :