
"ویلنٹائن ڈے اور مسلمان"
اتوار 14 فروری 2021

ڈاکٹر راحت جبین
جب ہم چھوٹے تھے تو کچھ دن اپنے مخصوص تاریخ کی وجہ سے ہمیں ازبر تھے. اور ہم ان مخصوص ایام کا انتظار سال کے شروع ہوتے ہی کرتے تھے کیونکہ وہ دن اسکول کی چھٹیوں سے بھی وابستہ ہوتے تھے یا پھر ان دنوں میں اسکول میں خاص تقریبات کا انعقاد بھی ہوتا تھا. ان میں یوم پاکستان، یوم اقبال، یوم قائد اور یوم عیدین , شب برات , شب معراج, شب قدر وغیرہ ہوتے تھے اس کے علاوہ ہمیں پتا ہی نہیں ہوتا تھا کہ زندگی میں اور بھی کئی دن ہیں جو منائے جاتے ہیں۔
(جاری ہے)
جہاں تک بات ہے ہم پاکستانی قوم کی تو دوسری اقوام کی اندھی تقلید میں بھلا ہم کہاں پیچھے رہنے والے ہیں ۔ کیونکہ ہم دوسرے اقوام کی پیروی کرکے ہی ثابت کر سکتے ہیں کہ ہم زندہ قوم ہیں اور حالات حاظرہ پر ہماری بھرپور نظر ہےورنہ تو جاہل تصور کیے جاسکتے ہیں. پھر چاہے ہم بسنت کا تہوار منا کر کتنے ہی معصوم لوگوں کی گردنیں کیوں نہ کاٹیں, مگر اپنے شوق سے پیچھے ہٹنا ہمیں گوارہ نہیں. ہندوؤں کے تہوار ہولی کے دنوں میں اگر رنگ نہیں لگایا تو کہیں باقی دنیا والے ہمیں جاہل نہ سمجھ لیں, اس لیے اس رسم کو ہمارے سیاست دان بھی بڑے شوق اور جذبے سے مناتے ہیں ۔ کرسمس جو عیسائیوں کا تہوار ہے اسے بھی موقع ملنے پر منانے سے دریغ نہیں کرتے ہیں۔ پچیس دسمبر کو یوم قائد بھول جاتا ہے مگر کرسمس ڈے یاد رہتا ہے. ہم ایک دوسرے کو کرسمس کی اصل حقیقت سمجھے بغیر ہیپی کرسمس کہہ رہے ہوتے ہیں. رہی بات ویلنٹائن ڈے کی جو کہ ایک عالمی تہوار کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، اسے منانے میں پھر بھلا کیوں سستی دکھائیں اور یہاں تو بات ہی محبت کی ہے جو ہمارے رگوں میں دوسروں سے زیادہ ہے.
ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے بات کی جائے تو پہلے اس کی حقیقت سے آشنا ہونا ضروری ہے . ویلنٹائن ڈے ، محبت کرنے والوں کا دن بھی کہلاتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ ایک رومی تہوار لوپر کالیا ہے۔ جس میں چودہ فروری کے دن محبت کرنے والے جوڑے ایک دوسرے کو کارڈ پھول اور تحفے دیتے ہیں۔ لڑکے اپنی دوست لڑکی کا نام اپنے کلائی پر لکھتے ہیں ۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ دن سینٹ ویلنٹائن کے نام سے منایا جانے لگا جس میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی زندگی کا ہمسفر تلاش کرتے ہیں ۔ اسے سینٹ ویلنٹائن کے نام سے منسوب کرنے کے پیچھے ایک انتہائی نازیبا اور مذموم کہانی ہے ۔ جس کی رو سےایک مسیحی راہب جو اپنی نن کی محبت میں گرفتار ہو چکا تھا ۔ راہب اور نن ہونے کی وجہ سے وہ دونوں شادی نہیں کر سکتے تھے۔ چنانچہ راہب نے اپنی نن سے ناجائز ملاپ کے لیے جھوٹے خواب کا ڈھنڈورا پیٹا اور اپنے مذموم عزائم پورے کیے۔ اس کے بعد ان دونوں کو قتل کیا گیا اور ان دونوں کی یاد میں اکثر بے راہ رو نوجوان یہ دن منانے لگے اور ہم ان کی اندھی تقلید میں ان کے پیچھے پیچھے چل پڑے ہیں ۔ایک صورت میں اگر اسے خونی تہوار کہیں تو بےجا نہ ہوگا کیونکہ اس کی تاریخ میں جہاں اگر سینٹ اور نن کا خون ہے، وہیں رومی بادشاہ کلودیوس نے لوگوں کو جنگ جانے پر ابھارنے کے لیے شادی پر پابندی لگائی تو مسیحی راہب ویلنٹینس نے خود خفیہ شادی کی اور ساتھ ہی دوسروں کی بھی خفیہ شادیاں کروائیں اور حکم کی خلاف ورزی کی پاداش میں اسے بھی پھانسی ہوئی۔۔
بہرحال ہم مسلمانوں کے لیے اسلام خود ایک راہ حیاتِ ہے اور ہمیں ضرورت نہیں کہ ہم دوسری قوموں سے متاثر ہوں اور ان کے عقائد مستعار لیں۔ کیونکہ غیر اسلامی عقائد کی پیروی اسلام میں سختی سے منع ہے. قران میں اللہ تعالی فرماتے ہیں.
ترجمہ: ہم نے ہر ایک کے لئے شریعت اور منہج بنا دیا ہے۔ المائدۃ/48
ایک اور جگہ فرمایا ہے :
ترجمہ: ہم نے ہر ایک امت کے لئے عبادت کا ایک طریقہ مقرر کیا جس پر وہ چلتے ہیں۔ الحج/67
مذہبی رو سے اگر دیکھا جائے تو صرف اسلام میں ہی نہیں، مسیحی مذہب میں بھی اس کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔ دونوں مذاہب میں اسے جنسی بے راہ روی کا نام دیا جاتا ہے۔ مگر آج باقی مذاہب کے لوگوں کو تو چھوڑو مسلمان بھی اس دن کو منانے اور اپنی بات کی دفاع کے لیے دلائل دیتے نظر آتے ہیں۔ ان کے خیال میں محبت کی مخالفت کیسی؟ یا یہ کہ ضروری نہیں یہ محبت لڑکا لڑکی کی ہو ۔یہ میاں بیوی کی بھی ہوسکتی ہے، ماں باپ اور بہن بھائیوں کی بھی ہو سکتی ہے. ایسی سوچ رکھنے والوں کے لیے عرض ہے کہ، ایک ایسے دن میں محبت کے رشتے کو منانا جو کہ مذموم ماضی رکھتا ہے، درست نہیں۔ جہاں تک لڑکا لڑکی کی محبت ہے تو اس کی ہمارے مذہب میں ویسے بھی کوئی گنجائش نہیں۔ اسی طرح اگر بات باقی رشتوں سے محبت کی ہے تو ان کے لیے تین سو پینسٹھ دن ہیں جن میں ایک دوسرے کو اپنی محبت اور خلوص کا یقین دلایا جاسکتا ہے ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ڈاکٹر راحت جبین کے کالمز
-
"سرطان کا عالمی دن"
جمعہ 4 فروری 2022
-
"کیا ہم مردہ پرست قوم ہیں؟"
بدھ 13 اکتوبر 2021
-
"استاد اور معاشرتی رویہ"
منگل 5 اکتوبر 2021
-
لٹل پیرس کا گورنر ہاؤس
بدھ 29 ستمبر 2021
-
رشتے کیوں ٹوٹتے ہیں
منگل 21 ستمبر 2021
-
یوم آزادی، کیا ہم آزاد ہیں ؟
بدھ 11 اگست 2021
-
شریکِ جرم نا ہوتے تو مخبری کرتے
بدھ 28 جولائی 2021
-
"عید الاضحی کے اغراض و مقاصد"
جمعہ 23 جولائی 2021
ڈاکٹر راحت جبین کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.