
لٹل پیرس کا گورنر ہاؤس
بدھ 29 ستمبر 2021

ڈاکٹر راحت جبین
(جاری ہے)
شاید بچپن کی ایک معصوم خواہش تھی جو اللہ تعالی نے قبول کرلی.
وائیٹ روڈ سے متصل میر جعفر خان جمالی روڈ پر واقعہ وسیع و عریض اراضی پر مشتمل اس عمارت کا ایک گیٹ اسی روڈ پر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پوسٹل کالونی کی سڑک پر مخالف سمت میں کھلتا ہے جب کہ مین گیٹ زرغون روڈ پر کھلتا ہے. اس کے دونوں اطراف میں آہنی گیٹ سمیت آہنی رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگی ہیں اور زرغون روڈ کا یہ علاقہ عوام الناس کے لیے مکمل طور پر نوگو ایریا ہے. چاردیواری کے اوپر بھی چاروں جانب سے خاردار تار لگا کر اسے محفوظ کیا گیا ہے. جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کسی بھی مائی کے لال میں اتنی جرات نہیں کے اسے پار کرکے دوسری جانب جائے یا اندر جھانکے.
کوئٹہ ماضی میں لٹل پیرس کے نام سے مشہور تھا. ویسے تو برطانوی دور حکومت میں پورا کوئٹہ صرف نام کا ہی لٹل پیرس نہیں تھا بلکہ اس میں اصل پیرس کی جھلک بھی ملتی تھی. مگر پھر آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین کی ایک کثیر تعداد نے بھی یہاں کا رخ کیا. نتیجتاً آج کا لٹل پیرس اپنی پرانی خوبصورتی اور سیاحوں کے لیے دلکشی کھو چکا ہے اور ہر جگہ کچرے کے ڈھیر اور ٹوٹی سڑکیں اس شہر کی نئی پہچان بن گئے ہیں. کوئٹہ کی گم گشتہ خوبصورتی اور اس کے باقی ماندہ آثار انگریزوں کے دور حکومت کے ہی مرہوں منت ہیں. برطانوی سامراجی قبضے کے بعد 1877میں یہاں ترقی کی پیش رفت ہوئی اور 1888 میں لٹل پیرس کی خوبصورت عمارات میں ایک اضافہ گورنر ہاؤس کا قیام بھی تھا جو اپنی الگ برطانوی طرز تعمیر کی وجہ سے منفرد تاریخی حیثیت کا حامل ہے. تاریخ کے حوالے سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے قدیم دور کے نادر فن پارے, انگریز وائس رائے کے مجسمے سمیت مختلف تہذیبوں کے مجسمے , ، اور مم جیسے چند نایاب پرندوں کے مجسمے بھی اس عمارت کی زینت ہیں. ان کے علاوہ قائداعظم محمد علی جناح کے زیر استعمال 1911 میں بنائی گئی ایک یادگار کرسی بھی اس عمارات کی تاریخی حیثیت کو بڑھانے کا موجب ہے.
گورنر ہاؤس کو حاضر سروس گورنرز کی رہائش گاہ کا درجہ حاصل ہے. یکم جولائی 1970 سے لے کر ستمبر 2021 تک مختلف گورنر جنرلز نے دوران گورنری یہاں سکونت اختیار کی ہے. جن میں پہلے گورنر لیفٹیننٹ جنرل ریاض حسین سے لے کر موجودہ گورنر سید ظہور آغا شامل ہیں.
اس بات میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ بلوچستان میں گورنر ہاؤس سمیت چند پل, چند مضبوط آہنی سرنگیں , چند عظیم عمارات, اسپتال, سٹاف کالج , اور پورے کا پورا ریلوے کا ڈھانچہ انگریزوں کی ہی باقیات ہیں جنہیں 1935 کے زلزلے نے شدید نقصان پہنچایا مگر تب بھی شاید انگریزوں کی حکومت کی وجہ سے ان کی دوبارہ مرمت ممکن ہوئیں. بصورت دیگر قیام پاکستان سے لے کر اب تک یہاں کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں. مگر حالیہ الیکشن میں مستقبل کے سہانے خواب اور نئے پاکستان کی نوید لے کر عمران خان کی گورنمنٹ عطاءاللہ عیسی خیلوی, جواد ,ابرار الحق , فواد اور ڈی جے کے ساتھ دھوم دھام سے ڈھول کی تاپ پر ناچتی ہوئی آئی تو عوام الناس نے جاگتے آنکھوں دکھائے خوابوں کی تعبیر کی خواہش لیے ان کا بھرپور استقبال کیا. ان ناآسودہ خوابوں میں ایک یہ بھی تھا کہ وزیراعظم ہاؤس سمیت تمام گورنر ہاٶس عوام کے لیے کھول لیے جاٸیں گے اور عام آدمی کی ان تک رساٸی ممکن ہوگی. 1096 کنال پر مشتمل وسیع اراضی والے وزیراعظم ہاؤس کو جدید یونیورسٹی میں تبدیل کیا جائے گا اور تمام گورنر ہاؤسسز کو میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا. گورنر ہاؤس کوئٹہ کے اطراف میں پھیلے سرسبز و شادب لان کو خواتین کے لیے پارک بنایا جائے گا. برسراقتدار آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے 7 اکتوبر 2018 پی ٹی آئی کے پارلیمانی گروپ اور صوبائی کابینہ کے وفد کے سامنے اس کا عندیہ دیا. یہ سن کر ایک موہوم سی امید جاگی کہ شاید ایسا ممکن ہوجاٸے مگر خواب کہاں تشنہ تعبیر ہوٸے ہیں اور شجر ممنوعہ کب کسی کو میسر آیا ہے اور اگر آیا بھی ہے تو اس کی پاداش میں سخت ترین سزا بھی مقرر کی گٸی ہے. آج بھی یہ عمارات جامعہ, میوزیم یا فیملی پارک نہیں بنے بلکہ شجر ممنوعہ ہی رہے اور خار دار باڑ والے عمارت کا آہنی دروازہ پار کرنے کی سزا اب بھی دھوپ میں کھڑے ہونا ہی قرار پایا ہے بس فرق صرف زمانے کا ہے ۔
ہر بار دھوکا کھائے عوام اس بار بھی نئے پاکستان کے خوبصورت نعروں کے سحر میں آگئے بلکہ اکثر تو اب تک خود کو اس سحر سے آزاد نہیں کر پائے ہیں اور گورنمنٹ کے ہر جائز و ناجائز عمل کو آسمانی صحیفے کا درجہ دے رہے ہیں . کچھ وقت پہلے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں تھی مگر اب تو ان خوابوں کی یاد دہانی کرانے پر بھی پابندیاں لگادی گئی ہیں. ہم اندھے, گونگے اور بہرے عوام ہیں. خدارا ہمیں گورنر ہاؤس کی سیر نہیں چاہیے. ہمیں زندہ رہنے کا حق چاہیے. ہمیں اپنے بے فکری کے دن چاہییں جب اپنی تنخواہ میں کچھ نہ کچھ تو بچت تو ممکن تھی . مگر اب تو ٹیکسوں کے نام پر بے تحاشا لوٹ مار اور حد سے بڑھتی مہنگائی نے عوام کی کمر ہی توڑی دی ہے .
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ڈاکٹر راحت جبین کے کالمز
-
"سرطان کا عالمی دن"
جمعہ 4 فروری 2022
-
"کیا ہم مردہ پرست قوم ہیں؟"
بدھ 13 اکتوبر 2021
-
"استاد اور معاشرتی رویہ"
منگل 5 اکتوبر 2021
-
لٹل پیرس کا گورنر ہاؤس
بدھ 29 ستمبر 2021
-
رشتے کیوں ٹوٹتے ہیں
منگل 21 ستمبر 2021
-
یوم آزادی، کیا ہم آزاد ہیں ؟
بدھ 11 اگست 2021
-
شریکِ جرم نا ہوتے تو مخبری کرتے
بدھ 28 جولائی 2021
-
"عید الاضحی کے اغراض و مقاصد"
جمعہ 23 جولائی 2021
ڈاکٹر راحت جبین کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.