روحانی کونسلنگ

ہفتہ 12 جون 2021

Farrukh Saleem

فرخ سلیم

کونسلنگ کی بے شمار قسمیں ہیں جیسے فیملی کونسلنگ، مینٹل ہیلتھ کو نسلنگ اور جاب سرچ کونسلنگ وغیرہ۔ یہ ایک لمبی لسٹ ہے لیکن اس لسٹ میں کچھ عرصے سے روحانی کو نسلنگ کا بھی اضافہ ہو گیا اور یہ وہ ممالک ہیں جہاں مزہب کو اتنی زیادہ اہمیت حاصل نہیں ہے۔کینیڈا بھی ان میں سے ایک ہے
جدید تحقیقات کے مطابق ہم ایک جسمانی شخصیت کے علاوہ ایک روحانی شخصیت بھی رکھتے ہیں اور ہماری یہ شخصیت اس وقت منظرِ عام پر آتی ہے جب ہم زندگی کی کسی موڑ پر روحانی بحران کا شکار ہوتے ہیں۔


بظاہر روحانیت ہماری زندگی کی ناگزیر ضروریات کا حصہ نہیں ہے۔ خاص طورسے ان لوگوں کے لئےجواس دنیا کو ایک ایسی جگہ سمجھتے ہیں جہاں انہیں ہر طرح کی آسانیاں میسرہیں۔ نہ تو فی الحال انہیں کسی قسم کے مشکل مسائیل کا سامنا ہے اور نہ ہی مستقبل میں وہ کسی قسم کے چیلنج کا خدشہ محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن اچانک جب وہ کسی جذباتی امتحان میں مبتلا ہو جاتے ہیں مثلاً وہ خود یا کوئی قریبی عزیزکسی مہلک بیماری کا شکاریاموت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہو جائے یا اور کوئی اسی طرح کا حادثہ ہو جائے تو  پھروہ خود کلامی میں مبتلا ہو کر اس قسم کے سوالوں کے جوابات ڈھونڈنا شروع کرتے ہیں
 یہ میرے  ساتھ کیا ہو رہا ہے اور کیوں ہو رہاہے؟
میری زندگی کا مقصد کیا ہے؟
میں اب تک کیا کرتا رہا اور کیوں کرتا رہا؟
مجھے کیا کرنا چاہئے؟ میرا مستقبل کیا ہے؟  
جب لوگ اس قسم کے گھمبیر سوالوں سے نبرد آزما ہوتے ہیں تو وہ روحانیت کے بحران سے دو چار ہوتے ہیں اور خود کومطمئن کرنے والے جوابات کی تلاش میں رہتے ہیں۔


ایک عام فہم تعریف کے مطابق روحانیت کا مطلب خود کو اپنے سے کسی بڑی طاقت سے جوڑنے یا منسلک کرنے کا ایک احساس ہے، لیکن مغربی اندازِ فکر کے مطابق یہ ضروری نہیں کہ اس بڑی یا طاقتور ذات کو خدا، بھگوان یا اسی طرح کا کوئی نام دیا جائے۔ ماضی میں مینٹل ہیلتھ سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور روحانیت میں مذہب کو شامل کرنے میں ہچکچاتے تھے لیکن موجودہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ وہ تمام لوگ جو کسی قسم کا مذہبی عقیدہ رکھتے ہیں ان کی دماغی صحت کہیں بہتر ہوتی ہے اور خاص طور سے کسی قسم کی ذہنی پریشانی یا حادثہ سے دو چار ہونے بعد خود کو سنبھالنے کی صلاحیت  ان میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔


چنانچہ اس طرح کے روحانی بحران جیسے معاملات نبٹنے کے کینیڈا کے کچھ ہسپتالوں نے روحانی کونسلنگ کی خدمات بھی فراہم کرنا شروع کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ ہسپتالوں نے اپنی عمارت میں ملٹی فیتھ یعنی مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے لئے ایک کمرہ مخصوص کر دیا ہے جہاں وہ اپنے عقیدے کے مطابق جب چاہیں جاکر عبادت کر سکتے ہیں۔ مسلمانوں کے لئے تو باقاعدہ وضو وغیرہ کی بھی سہولت ہوتی ہے۔

روحانی کونسلنگ کی تمام مشق اس بات کی کوشش ہے کہ خدا کو مانے بغیر لوگوں کے لئے سکون کا راستہ تلاش کرنے میں مدد دی جائے۔ جب کہ سیدھی بات یہ ہے کہ سارے راستے ادھر ہی جاتے ہیں، بات صرف سوچنے اور سمجھنے کی ہے
روحانی کو نسلنگ ایک قسم کا مثبت آغاز ہے جہاں سے لوگوں کو دین کی طرف مائل کرنے کے راستے نکل سکتے ہیں۔ یہ ایک ابتدائی سوچ ہے جس پر بہت زیادہ تعمیری کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :