پاکستان اور جمہوریت

پیر 28 جون 2021

Iman Saleem

ایمان سلیم

جمہوریت کا مطلب ایک ایسا نظام ہے جہاں لوگ اپنی مرضی سے کسی بھی لیڈرکو ووٹ ڈالتے ہیں اور اس لیڈر کی حکومت بناتے ہیں۔ جمہوری نظام کسی بھی ریاست میں تب لاگو ہوتا ہے جب اس کی عوام کو آزادانہ رائے دینے کا اختیار ہو جہاں لوگ اپنی مرضی سے کسی بھی آنے والی حکومت کا انتخاب کریں۔ اگر ہم پاکستان کی بات کریں تو دیکھنے میں یہ ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے لیکن مجھے پاکستان میں جمہوریت کہیں سے نظر نہیں آتی ہم نے دنیا کو تو دکھا دیا کہ ہم ایک جمہوری ملک ہیں دنیا کے سامنے ایک امیج سیٹ کردیا لیکن میرا ماننا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کہیں نہیں ہے۔

ایسا اس لیے ہے کیونکہ پاکستان کی آدھی سے زائد عوام ان پڑھ ہے جس کے باعث عوام صحیح اور غلط میں فرق نہیں کر پاتی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ہر پانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اور عوام اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ ڈالتی ہے لیکن اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی آدھی سے زائد آبادی ووٹ ہی کاسٹ نہیں کرتی صرف چند ہی ایسے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے کو اپنا شہری فریضہ سمجھتے ہیں لیکن یہ فرق زیادہ تر ایلیٹ کلاس میں پایا جاتا ہے۔

تو پاکستان کیسے جمہوری ملک ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں ووٹنگ کا سسٹم صرف رسمی ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان میں جاگیرداری کا نظام ہے اگر ایک پارٹی اقتدار میں ہے تو آئندہ بھی وہی پارٹی وہی حکمران اقتدار میں آئے گا اور اس کے جانے کے بعد اس کا بیٹا، بیٹی یا پھر عزیز رشتے دار حکومت میں آئیں گے اور پاکستان میں ایسی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔

تو کیا پاکستان ایک جمہوری ملک ہوا ہرگز نہیں۔ اگر پاکستان کی غریب عوام ووٹ ڈالتی ہے تو وہ یہ سوچتی ہے کہ شاید کوئی نیا حکمران ملک کے حالات بدل دے یا غریب عوام کے لیے سوچے پر جب یہ سب نہیں ہوتا تو یہی عوام کہتی ہے کہ ہم نے تو ووٹ اس لیے ڈالا تھا کہ شاید ملک کے حالات بدل جائیں لیکن اس نئی حکومت نے بھی اتنے ٹیکس لگا دیے، ملک کے لیے کچھ نہیں کیا اس طرح پھر لوگ ووٹ کا استعمال نہیں کرتے۔

لہذا مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان میں جمہوریت پائی جاتی ہے۔ کسی ملک میں جمہوریت تبھی ہو سکتی ہے جب معاشرے میں برابری ہو اور انتظامیہ صحیح ہو۔ امریکا اور یورپ جمہوری نظام کی بہترین مثالیں ہیں کیونکہ وہاں لوگ مہذب اور تعلیم یافتہ ہیں وہ ووٹ کاسٹ کرنے کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ امریکا اور یورپ میں الیکشن کا نظام شفاف ہے اور لوگ اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :