تیر و ترکش

بدھ 24 جون 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#بل نہ دینے والوں کو بجلی نہیں دے سکتے، خواجہ آصف
بل دینے والوں کو بھی تو آپ بجلی کی بجائے جھٹکے ہی دے رہے ہیں جناب!
#بجلی ہوئی تو اگلے الیکشن میں بھی کامیاب ہوں گے، چودھری نثار
لگتا ہے چودھری صاحب ن لیگ کی آیندہ شکست کا ذمہ دار ابھی سے خواجہ آصف کو قرار دلانا چاہتے ہیں
#دہشت گردوں کے حوالے سے وفاق اور سندھ حکومت ایک ہی صفحے پر ہیں، سید قائم علی شاہ
گزشتہ دنوں زرداری صاحب نے جو صفحہ پڑھا ہے وہ کس کا لکھا ہوا تھا؟
#عمران خان جاگیرداروں کے نرغے میں آچکے ہیں، جسٹس(ر) وجیہہ الدین
وہ نرغہ ہوتا ہی اتنا لطف انگیز ہے کہ آدمی باہر آنا ہی نہیں چاہتا
#کوئی ریٹائرڈ جنرل پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کرے گا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سینیٹر عبدالرحمن ملک
بعد میں پھر منہ بسور بیانات کا سلسلہ کیوں شروع کر دیتے ہیں آپ لوگ
#عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان لندن میں ملاقات کا امکان
ملاقات کہاں حالات کا ماتم کریں گے دونوں بزرگ
#تحریک انصاف کا چاروں صوبوں میں پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ
آخر خاں صاحب نے یہ بیان بھی تو سچ ثابت کرنا ہے کہ2015انتخابات کا سال ہے
#عام انتخابات میں کارکردگی اور استادی دنوں ہوئیں،سابق نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان
اب لگتا ہے کاری گر اور استاد دونوں پشیمان ہیں اپنے کیے پر
#جمہوریت کے ہوتے ہوئے کوئی ملک کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، چیئر مین سینیٹ
زرداری صاحب کی آنکھوں کا معاینہ کروالیں جناب چیئر مین… سرکاری خرچ پر
#پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کی بڑی خدمت کی، سراج الحق
لو وہ بھی کہہ رہے ہیں…!
#پاکستانیوں کے سوئس بینکوں میں ایک کھرب51 ارب روپے موجود ہیں
کاش یہ دولت سوئٹزر لینڈلے جانے والے واقعی پاکستانی ہوتے!
#حکومت میں متحدہ کی شمولیت کا زیادہ علم نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
سائیں ہم تو آپ کو کافی با علم سمجھتے تھے
#بے تحاشہ لوڈشیڈنگ پر عابد شیر علی نے عوام سے معافی مانگ لی
لیکن عابد صاحب سمیت تمام حکمران اشرافیہ عوام کو معاف کرنے پر کب تیار ہوگی؟
#ایکشن پلان بنانے والی جماعتیں ہی اب رکاوٹیں ڈال رہی ہیں ، تجزیہ کار
اس لیے کہ ایکشن پلان کا رخ اب ان جماعتوں کو اپنی طرف ہوتا نظر آرہا ہے
#نسل پرستی امریکی معاشرے پر بدنما داغ ہے، اوباما
صرف نسل پرستی…؟
#زرداری کو ق لیگ سمجھاتی اور ایم کیو ایم اکساتی رہی
دونوں نے اپنی ڈیوٹی پوری کی اور زرداری صاحب اپنی ڈیوٹی پر ہیں
#سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں، میاں نواز شریف
میاں صاحب! آپ ماشاء اللہ تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنے ہیں، بیان سے نہیں،اقدام سے اپنی عدم برداشت کا ثبوت دیں
#بلاول پیپلزپارٹی کے چیئر مین کا عہدہ سنبھالنے کے لیے تیار
بلاول نہیں اس کے لیے آصف زرداری کو تیاری کی ضرورت ہے
#زرداری کے افطار ڈنر میں شجاعت اور فضل الرحمن بھی جا پہنچے
زرداری صاحب کوزمینی حقائق اور1973کے آئین کے تناظر میں مٹی پاؤ روٹی شوٹی کھاؤ فارمولا بھی تو سمجھانا تھا ناں اب کسی نے!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :